اسلام آباد،15ستمبر (اے پی پی):علامہ اقبال کے شعر “نیل کے ساحل سے لے کر تابخاک کاشغر” کی تشریح کے مصداق پاک فضائیہ کے شاہین بیک وقت دو مختلف ممالک چین اور مصر میں بڑے پیمانے پر جاری مشترکہ فضائی مشقوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ یہ مشقیں پاک فضائیہ کی اپنی فضائی برتری اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کی جانب ایک اہم سنگ میل ہیں۔ پاک فضائیہ کے جے-10 سی اور جے ایف-17 تھنڈر لڑاکا طیاروں سمیت پائلٹس، ایئر ڈیفنس کنٹرولرز اور تکنیکی و گرائونڈ عملہ چین میں پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس کی میزبانی میں شاہین-10 اور مصر میں منعقدہ برائٹ سٹار فضائی مشقوں میں تندہی سے حصہ لے رہا ہے۔
پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ کے فضائی بیڑے میں شمولیت اختیار کرنے والے لڑاکا طیاروں کی آپریشنلائزیشن اور انتہائی قلیل وقت میں ان کی بین الاقوامی فضائی مشقوں میں شرکت ایک قابل فخر کامیابی ہے۔ اس اہم سنگ میل کا حصول سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی جانب سے پاک فضائیہ کی جدت پسندی کے منصوبے کی بدولت ممکن ہوا ہے جس کی بنیاد اتحادی ممالک سے جدید ٹیکنالوجیز کے حصول اور مقامی صلاحیتوں کے فروغ پر قائم ہے۔ ان جدید لڑاکا طیاروں کا بروقت حصول، مختصر وقت میں ان کی آپریشنلایزیشن اور شاہین-10 مشقوں میں ان کی کامیاب شرکت پاک فضائیہ کے تکنیکی طور پر ایک ایسی ترقی یافتہ اور مضبوط فضائیہ ہونے کا منہ بولتا ثبوت ہے جو نئے ابھرتے ہوئے چیلنجز کا مقابلہ کرنے اور پاکستان کی فضائی سرحدوں کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
پاک-چین مشترکہ سالانہ فضائی مشقیں شاہین-10 شمال مغربی چین کے جیوکوان اور ینچوان شہروں میں جاری ہیں۔ یہ غیر معمولی فضائی مشقیں پاک فضائیہ کی لگن اور بے مثال صلاحیتوں کو مزید اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ مشترکہ تربیت اور تعاون کو فروغ دینے کے پاک فضائیہ کے عزم کا پختہ ثبوت ہیں۔ چین میں شاہین-10 اور اتحادی ممالک کے ہمراہ مصر میں منعقدہ برائٹ سٹار فضائی مشقیں پاک فضائیہ کو اپنے آپریشنل تجربات کے فروغ اور دنیا بھر سے دیگر ہم منصبوں کے ساتھ تجربے اور علم کے تبادلے کے لیے انمول مواقع فراہم کر رہی ہیں۔
شاہین-10 مشترکہ فضائی مشقوں میں شرکت کے دوران ڈپٹی چیف آف ائیر سٹاف ائیر ڈیفنس ائیر مارشل عبدالمعید خان نے فضائی مشق میں حصہ لینے والے پاک فضائیہ کے دستے کے جوش و جذبے اور لگن کو سراہا۔ انہوں نے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے ان مشقوں کی اہمیت پر بھی زور دیا اور مشترکہ سکیورٹی چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے فضائی جنگ میں نئے ابھرتے ہوئے محرکات کی جانب توجہ مبذول کروائی۔
ڈپٹی چیف آف ائیر سٹاف ائیر ڈیفنس نے مشق کے کامیاب انعقاد پر پیپلز لبریشن آرمی ائیر فورس کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین موجودہ شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور دونوں فضائی افواج کے مابین باہمی تعاون کو تقویت دینے پر پیپلز لبریشن آرمی ائیر فورس کی تعریف بھی کی۔ شاہین-10 اور برائٹ سٹار فضائی مشقوں میں پاک فضائیہ کی بیک وقت شرکت پاک فضائیہ کی بہترین کارکردگی، پیشہ ورانہ مہارت اور اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی مسلسل جستجو کے عزم کا ایک واضح ثبوت ہے۔
یہ مشقیں پاکستان اور اس کے بین الاقوامی شراکت داروں کے درمیان تعاون اور دوستی کو فروغ دینے کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتی ہیں اور علاقائی استحکام و سلامتی کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گی۔پاک فضائیہ پاکستان کی فضائی سرحدوں کی حفاظت، بین الاقوامی اتحاد کو مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کے ذریعے امن کو فروغ دینے کے اپنے مشن پر کاربند ہے۔