جلالپورپیروالا؛نجی کالج کے زیر اہتمام کیرئیر کونسلنگ سیمینار کا انعقاد

19

 

 جلالپورپیروالا،17ستمبر(اے پی پی ):نجی تعلیمی ادارے میں کیرئیر کونسلنگ سیمینار منعقد کیا گیا، سیمینار میں ایف ایس سی پاس کرنے والے طلباء و طالبات کو میڈیکل اور دیگر تعلیمی شعبہ جات میں آگے بڑھنے اور اپنے مستقبل کا بہترین فیصلہ کرنے کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔ سیمینار میں پرنسپل گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج خادم حسین،  ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خالد حسین بھٹہ اور معروف تعلیمی شخصیت سرفراز احمد گجر سمیت دیگر نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر کالج کے طلباء نے تقاریر بھی کیں اور کالج میں گزرے ہوئے لمحات کو خوب یاد کیا۔

 کالج کے پرنسپل ڈاکٹر نوید احمد کا سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارا کالج نظام تعلیم میں جدت کے ساتھ  آگے بڑھ رہا ہے، ایف ایس سی میڈیکل کے طلباء و طالبات کے پاس ایم بی بی ایس کے ساتھ ساتھ میڈیکل کے بہت سارے شعبہ جات ہیں جن میں تعلیم حاصل کر کے وہ اپنا بہترین مستقبل بنا سکتے ہیں۔

 اس موقع پر کالج کے پروفیسرز سٹاف اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ سیمینار کے اختتام پر کالج کے مہمانان خصوصی،  کالج کے سٹاف اور طلباء و طالبات میں شیلڈز اور انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔