بٹگرام، 19 ستمبر (اے پی پی):خیبرپختونخوا کی سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) بٹگرام سونیا شمروز خان نے عالمی ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔ڈی پی او بٹگرام سونیا شمروز کو بہترین پولیسنگ اور خواتین پر تشدد کی روک تھام پرانٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ویمن پولیس نے نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں آفیسرآف دی ایئر ایوارڈ سے نوازا ۔
سونیا شمروز خان ڈی پی او چترال اور دیگر عہدوں پر بھی کام کرچکی ہیں۔ انہوں نے جبری شادیوں کی روک تھام کے لیے شکایتی سیل بھی قائم کیے ۔ایس ایس پی سونیا شمروز نے میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا ایوارڈ صنفی امتیازسے متاثرہ خواتین اور محنتی خواتین پولیس افسران کے نام کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین پولیس اہلکار امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے دن رات کوشاں ہیں، کام کے دوران ثقافتی اصولوں اور حساسیت کو مدنظررکھا یہی وجہ ہے کہ خواتین سے متعلق جرائم کی رپورٹنگ میں اضافہ ہوا ہے۔