لاہور،30ستمبر (اے پی پی):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے چیئر پرسن ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت بہت بڑی عبادت ہے ،مستحق لوگوں تک ان کا حق پہنچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ، 93لاکھ مستحقین کو اگر خوشحال گھرانے اپنا لیں تو ان لوگوں کی زندگیاں سنور سکتی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں ڈائنامک رجسٹریشن سینٹر گلشن راوی کے دورہ کے موقع پر”اے پی پی “سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈائریکٹر جنرل ندیم عالم بٹ ،ڈپٹی ڈائریکٹر محمد فرمان اوراسسٹنٹ ڈائریکٹر لاہور ریحانہ ملک سمیت دیگر افسران موجود تھے ۔
ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ ڈائنامک رجسٹریشن سینٹر کا دورہ کرکے مجھے خواتین کے مسائل سے آگاہی حاصل ہوئی ہے ،یہ ہمارے قومی وجود کا حصہ ہیں جن کی دل جوئی کرنا مخیر حضرات کی اہم ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ خواتین کی تعداد میں اضافہ ہونا چاہئے تاکہ کوئی مستحق خاتون پیچھے نہ رہ جائے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں بہت سے افراد کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں، وہ ایک دن کھاتے ہیں اور دوسرے دن کھانے کو ان کے پاس کچھ نہیں ہوتا ،دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے ان مستحقین کی مدد کررہے ہیں ۔
ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم جب انکی اپنی کمائی ہوئی رقم میں شامل ہوجاتی ہے تو ان کے کئی مالی مسائل حل ہوجاتے ہیں۔انہوں نے عملہ کو ہدایت کرتے ہو ئے کہا کہ مدد کیلئے آئی ہوئی خواتین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے، یہ آپ لوگوں پر بہت بڑی ذمہ داری ہے ان کی مدد کرکے آپ ان کی دعائیں لے سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ،کیش ٹرانسفر میں جو خامیاں ہیں انہیں دور کیا جائے تاکہ یہ لوگ اپنے خاندان کے مالی مسائل کو بر وقت کم کرسکیں، 93لاکھ خوشحال گھرانے ان مستحقین کی کفالت کا ذمہ اٹھا لیں تو ملک میں غربت کی شرح میں کافی حد تک کمی آسکتی ہے ۔
اس موقع پرچیئر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈاکٹر امجد ثاقب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت تین پروگرامز چل رہے ہیں جن میں بینظیر کفالت،بینظیرتعلیمی وظائف اور بینظیر نشوونما پروگرام شامل ہیں ،ملک بھر میں 9.3ملین افراد اس سے استفادہ کررہے ہیں جن میں پنجاب میں 340خواجہ سرا بھی شامل ہیں ۔
چیئرپرسن کو مزید بتایا گیا کہ پنجاب میں 41لاکھ 14ہزار مستحق خواتین کو سہ ماہی قسط جاری کردی گئی ہے ،9ہزار روپے سہ ماہی ہرمستحق خاتون کو دیئے جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب 157جبکہ لاہور میں 12ڈائنامک رجسٹریشن سنٹرز کام کررہے ہیں ۔ڈاکٹر امجد ثاقب کو مزید بتایا گیا کہ مستحق خواتین کے بچوں کو تعلیمی وظائف الگ سے جاری کئے جاتے ہیں، پرائمری سکول کے طلبا کو 1500روپے جبکہ طالبات کو 2000روپے سہ ماہی جاری کئے جاتے ہیں، سکینڈری سکول کے طالب علم کو 2500روپے جبکہ طالبہ کو 3000روپے سہ ماہی جاری کئے جاتے ہیں ،اسی طرح ہائر سکینڈری سکول کے طالب علم کو 35سو روپے جبکہ طالبہ کو 4ہزار روپے جاری کئے جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 6.8ملین بچے تعلیمی وظائف کے تحت رجسٹرڈ ہیں جن میں 3.5ملین لڑکے اور 3.3ملین لڑکیاں شامل ہیں۔
نشوونما پروگرام کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ یہ پروگرام 26اضلاع میں چل رہا ہے 72سنٹرز میں 71ہزار 3سو پچاس خواتین رجسٹرڈ ہیں، حاملہ خاتون کو 2ہزار روپے اضافی سہ ماہی کے دیئے جاتے ہیں جبکہ ڈیلوری کے بعد لڑکا ہونے کی صورت میں 2ہزار روپے اور لڑکی ہونے کی صورت میں 25سو روپے سہ ماہی دیئے جاتے ہیں ۔
قبل ازیں ڈاکٹر امجد ثاقب نے ڈائنامک رجسٹریشن سنٹر میں آئی ہوئی خواتین سے فردا فردا ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے اور عملہ کو ہدایت کی کہ یہاں آنے والی خواتین کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کئے جائیں تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔