راولپنڈی ؛ نگران صوبائی وزیر ابراہیم مراد کی زیر صدارت اجلاس، ٹریفک مسائل، انسداد سموگ اقدامات پر تفصیلی گفتگو

15

 

راولپنڈی،25 ستمبر(اے پی پی):نگران صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب ابراہیم مراد نے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے ہمراہ کمشنر آفس راولپنڈی میں اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں راولپنڈی میں ٹریفک کے مسائل، انسدادِ سموگ اقدامات اور جنرل بس سٹینڈ پر تفصیلی گفتگو ہوئی ۔

صوبائی وزیر نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ جنرل بس سٹینڈ پیر ودہائی میں توسیع کی جائے تاکہ سفری سہولیات بہتر ہو سکیں،بے ہنگم ٹریفک کی وجہ سے آلودگی کا سامنا ہے، ہنگامی منصوبہ بندی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ انسداد سموگ ایس او پیز پر سختی سے عمل کرایا جائے، خلاف پر بھاری جرمانے کئے جائیں،دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو قبضے میں لے کر بند کر دیا جائے، مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

نگران صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب ابراہیم مراد  نے کہا کہ لاء انفورسمنٹ اور ٹریفک انتظامات میں بہتری کے حوالے سے عملی اقدامات کئے جائیں،حادثات کی روک تھام اور منظم ٹریفک کے حصول کیلئے ٹریفک قوانین کی پاسداری ضروری ہے،غلط پارکنگ اور غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈ فوری طور پر ختم کروائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سب سے پہلے ڈرائیونگ لائسنس چیک کیا جائے، غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف کاروائیاں تیز کی جائیں۔

ابراہیم مراد نے کہا کہ بدقسمتی سے میٹرو بس سروس کو بھی نقصان پہنچایا گیا،ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے متعلقہ محکمے سر گرمیاں تیز کریں،انسداد سموگ اقدامات کے حوالے سے زیروٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے متحرک ہے۔

صوبائی نگران وزیر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنرل بس سٹینڈ پیر ودھائی کا کل رقبہ 210 کنال اور 12 مرلے ہے،جنرل بس سٹینڈ میں رواں برس تزئین و آرائش کی گئی ہے، مرد و خواتین کے لئے علیحدہ انتظار گاہ بنائی گئی ہے جہاں ائیر کنڈیشنڈ لگائے گئے ہیں،مسافروں کی سکیورٹی کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں اورسیکورٹی گارڈز بھی تعینات کئے گئے ہیں،جنرل بس سٹینڈ پیر ودہائی کے اردگرد سے تجاوزات کا خاتمہ کر کردیا گیا ہے ، گاڑیوں کی چیکنگ کے لیے راولپنڈی میں وکس سٹیشن بنائے جارہے ہیں۔

نگران صوبائی وزیرکو انسداد سموگ اقدامات کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ راولپنڈی ڈویژن میں 2674 گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی جن میں سے انسداد سموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 1876 گاڑیوں کا چالان کیا گیا اور 137 گاڑیوں کو قبضے میں لے لیا گیا۔بریفنگ میں انہیں مزید بتایا گیا کہ 9 مئی کے واقعات کے دوران راولپنڈی میں تین میٹرو بس سٹیشنزکو جزوی طور پر اور سکستھ روڈ میٹرو بس سٹیشن کو مکمل طور پرجلا دیا گیاتھا۔

اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن سید نذارت علی، ڈی جی آر ڈی اے سیف انور جپہ، سی ٹی او پولیس تیمور خان، سیکرٹری آر ٹی اے راشد علی سمیت دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔