ریلیف کمشنر پنجاب  نبیل جاوید، وفاقی سیکرٹری کشمیر و گلگت بلتستان افیئرز بابر حیات تارڑ کی زیر صدارت اجلاس،پنجاب کے اضلاع میں ریاست کشمیر کی زمینوں کی ڈی مارکیشن پر گفتگو

53

لاہور، 18 ستمبر(اے پی پی):ریلیف کمشنر پنجاب  نبیل جاوید اور وفاقی سیکرٹری کشمیر و گلگت بلتستان افیئرز بابر حیات تارڑ کی زیر صدارت کمیٹی روم میں اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری کالونیز محمد خان رانجھا سیکرٹری شفقت اللہ مشتاق اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ ڈی سی لاہور ،شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، گجرانوالہ، راولپنڈی اور ڈی سی جہلم نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں  شرکت کی۔ پنجاب کے اضلاع میں ریاست کشمیر کی زمینوں کی ڈی مارکیشن پر گفتگو کی گئی۔ آزاد کشمیر کی سٹیٹ لینڈ کی درجہ بندی اور جی آئی ایس میپنگ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پنجاب میں سٹیٹ لینڈ کی رینٹل ویلیوز کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ریکوری اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔حکومتی زمینوں کی چانج پڑتال اور کرایہ داری معاملات بھی زیر بحث لائے گئے۔پی ایل آر اے طرز پر جی بی میں بھی سٹیٹ لینڈ کی رجسٹریشن پر گفتگو کی گئی۔

ریلیف کمشنر پنجاب نے وفاقی سیکرٹری کو تمام تر معاملات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں  نے تمام ڈی سیز کو مقررہ مدت میں ٹاسک مکمل کرنے کی ہدایات کیں۔ریلیف کمشنر پنجاب نے چیف سیٹلمنٹ کمشنر اور سیکرٹری ریونیو کو تمام تر معاملات کی نگرانی کی ہدایات کیں۔

وفاقی سیکرٹری کشمیر و گلگت بلتستان افیئرز بابر حیات تارڑ نے بورڈ آف ریونیو کی  کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ  بورڈ آف ریونیو بہت شاندار کام کر رہا ہے۔