ساہیوال؛ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے گاسپل بیپٹسٹ چرچ میں میثاق کانفرنس کا انعقاد

30

ساہیوال،24ستمبر(اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے احکامات کی روشنی میں ضلع ساہیوال میں میثاق کانفرنس کا انعقاد ہوا، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے میثاق کانفرنس کا انعقاد گاسپل بیپٹسٹ چرچ ساہیوال میں کیا گیا۔ میثاق کانفرنس کے مہمانان خصوصی آرپی او ساہیوال محبوب رشید اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال فیصل شہزادتھے۔

میثاق کانفرنس میں ساہیوال اور چیچہ وطنی کے علماء کرام،پادری صاحبان، بشپ صاحبان ، ممبران امن کمیٹی،ممبران چیمبر آف کامرس ساہیوال ،وکلاء ، صحافیوں ، سول سوسائٹی اور تاجر برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔

 میثاق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے احکامات کی روشنی میں قائم ہونے والے ضلع ساہیوال میں میثاق سنٹر کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ساہیوال ریجن میں میثاق سنٹر کا قیام عمل میں ایک اچھی کاوش ہے جہاں پر اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کو مل بیٹھ کر حل کرنا ہے۔

 آر پی او ساہیوال نے کہا کہ میثاق سنٹر کا مقصد اقلیتی برادری کے مساوی حقوق اور انکے مسائل کو مل بیٹھ کر حل کرنا ہے، میثاق سنٹر میں پولیس خدمت مرکز کی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں اور کرسچن کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے پولیس اہلکاروں اور لیڈیز پولیس  کو تعینات کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کا تحفظ پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

کرسچن کمیونٹی کے عمائدین نے اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ کیلئے قائم کیے گئے میثاق سنٹر کے اقدام کوخوب سراہا۔کانفرنس میں بچوں نے ملی نغمے بھی گائے اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعا بھی کی گئی۔

آخر میں مسلم علماء کرام ،پادری صاحبان اور سول سوسائٹی کے ساتھ کیک بھی  کاٹااور کھانا کھایا۔