لاہور،30ستمبر (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہیں،پنجاب کا نظام صحت باقی صوبوں کی نسبت بہت بہتر ہے، تاریخ میں پہلی بار پنجاب کے نظام صحت میں بہتری لانے کیلئے اتنی توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کو یہاں مقامی ہوٹل میں وائس چانسلرز، پرنسپلز اور ایم ایس کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعلی پنجاب سید محسن نقوی کے ویژن کے مطابق تمام کارڈیالوجی ہسپتالوں میں مریضوں کو پرائمری انجیو پلاسٹی کی سہولت کی فراہمی گیم چینجر ثابت ہوئی ہے، اس وقت کارڈیالوجی ہسپتالوں میں آٹھ ہزار سے زائد مریضوں کی پرائمری انجیو پلاسٹی کر چکے ہیں۔
نگران وزیر صحت نے کہاکہ پنجاب کے مختلف سرکاری ہسپتالوں کا دورہ کرکے طبی سہولیات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، تمام سرکاری ہسپتالوں کے ہیلتھ پروفیشنلز کی ویکسینیشن مکمل کروائیں، پنجاب میں صحت سہولت پروگرام کے ذریعے عوام کو بلا تعطل سہولت دی جارہی ہے، سرکاری ہسپتالوں میں آنے والا ہر مریض ہمارے لئے وی آئی پی ہے، سرکاری ہسپتالوں میں ایچ آر مکمل کرنے کی پوری کوشش کررہے ہیں، پنجاب کی عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔کانفرنس کے دوران تمام سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
نگران صوبائی وزیر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ خوش قسمت ہوں کہ نگران وزیر اعلی سید محسن نقوی اور پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم جیسے استاد ملے ہیں، پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر لوگوں کے ساتھ بھلائی کرنے کا محکمہ ہے۔
اس موقع پر سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان نے کہاکہ پنجاب کے کسی سرکاری ہسپتال میں ادویات کی کمی نہیں ہونی چاہئے،ہسپتالوں کے سربراہ مریضوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں،پنجاب کے نرسنگ کالجز کے حالات بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیں،سرکاری ہسپتالوں میں سروس ڈیلیوری میں کوتاہی برداشت نہیں کریں گے،سرکاری ہسپتالوں میں ایچ آر کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کے انفراسٹرکچر کی ری ویمپنگ کی کوشش کررہے ہیں،سرکاری ہسپتالوں میں بائیو میڈیکل اور نان بائیو میڈیکل سامان کی دستیابی کو یقینی بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کی آسانی کیلئے مختلف سروسز کو آٹ سورس کررہے ہیں، صحت سہولت پروگرام میں مزید بہتری لا رہے ہیں۔
کانفرنس میں نگران صوبائی وزیر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر ،سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان، سپیشل سیکرٹریز راجہ منصور احمداور سید واجدعلی شاہ، ایڈیشنل سیکرٹریز سی ای ا و میو ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر ہارون حامد سمیت متعد پروفیسر ڈاکٹرز نے بھی شرکت کی۔
بعد ازاں نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم اور سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان نے کانفرنس کے دوران سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔