سکھر:مقامی اسکول میں عید میلاد النبیﷺ کہ سلسلے میں تقریب ، اسوہ حسنہﷺ پر  روشنی ڈالی  گئی

320

سکھر،30ستمبر(اے پی پی): مقامی اسکول میں عید میلاد النبیﷺ کہ سلسلے میں تقریب منعقد ہوئی جس میں اسکول کے طلبہ، اساتذہ نے شرکت کی۔ تقریب سے پرنسپل میڈم عابدہ اشفاق میمن، وائس پرنسپل میڈم حمیدہ نے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ  نبی کریم ﷺ اس دنیا میں تمام جہانوں کے لیے رحمت العالمین بن کر آئے، حضور پاک ﷺکی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہے، عشق مصطفیٰ ﷺمومن کی میراث ہے۔انہوں نے کہا کہ جب انسان کے اندر کی دنیا میں انقلاب نہیں آتا باہر کی دنیا میں کبھی بھی تبدیلی پیدا نہیں ہو سکتی،اسی لیے ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ﷺنے اپنی خوش گفتاری اور اعلی سیرت و کردار کے اثر سے جس شے میں تبدیلی پیدا کرنا سب کاموں پر مقدم سمجھا وہ دل کی دنیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  جب تک حضور پاکﷺ کی محبت نہ ہوگی اس وقت تک انسان مومن نہیں ہو سکتا،ایمان کا تقاضا ہے کہ حضور پاکﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل کریں اس پروگرام کا مقصد طلبہ و طلبات میں نبی ﷺ کے بارے میں آگاہی دینا ہے۔

 آخر میں مقابلہ حسن تقریر اور مقابلہ حسن نعت اور کوئیزمقابلہ منعقد کیا گیا۔جس میں سکول کے طلباءنے بھرپور شرکت کی جس میں قرات میں سعد، خدیجہ، محمد عمر جب کہ نعت میں پہلے پوزیشن عالیان دوسری حوریہ اور تیسری حنین تقاریر میں پہلی پوزیشن زینش، دوسری ایمن اورکوئز کمپٹیشن میں پہلے پر ابوبکر اور دوسری پر حماد نے مقابلا جیتا بعد میں طلباءکو انعامات سے نوازا گیا۔