لاہور11,ستمبر ( اے پی پی ) کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ کی ہدایت پر ایس ایس پی(ایڈمن) عاطف نذیر نے شہداء کے اہل ِ خانہ، غازیوں اور ملازمین کے بچوں سے ملاقات کی۔ عاطف نذیر نے شہداء کے اہل خانہ، غازیوں اور پولیس ملازمین کے بچوں کے علاج معالجہ کے حوالے سے مسائل سنے او ر ان کے حل کیلئے ہدایات جاری کیں۔ایس ایس پی (ایڈمن) عاطف نذیر نے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے قیمتی جانیں قربان کرنے والے شہدا اور غازی ہمارا اثاثہ ہیں۔ شہدا کے ورثا، غازیوں اور پولیس ملازمین کے اہل خانہ کے مسائل کے حل کیلئے ہر وقت دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے پولیس کے اہل ِ خانہ، غازیوں اور ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی فیملیز اور غازیوں کی فلاح و بہبود اور دیکھ بھال ہماری اولین ترجیح ہے۔ عاطف نذیر نے مزید کہاکہ شہداء کے اہل خانہ کی ویلفیئر کیلئے تاریخی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔