عارف والا؛ جشن عید میلاد النبیﷺ پر 33 واں مشعل بردار جلوس جماعت اہلسنت کے زیر اہتمام نکالا گیا

23

عارف والا،29ستمبر(اے پی پی ):جشن عید میلاد النبیﷺ کے سلسلہ میں 33 واں مشعل بردار جلوس جماعت اہلسنت عارفوالا کے زیر اہتمام جامع مسجد ڈی بلاک سے  زیر قیادت جماعت اہلسنت پنجاب کے امیر  سید خلیل الرحمان بخاری نکالا گیا۔ جلوس میں بیت اللّٰہ شریف ، روضہ رسول ﷺ  اور نعلین مبارک والے ماڈلز بھی موجود تھے۔ جلوس میں عاشقان رسول ﷺ   نے ہاتھوں میں سبز پرچم اور بینرز اٹھا رکھے جن پر آمد مصطفے ﷺ  کی تحریریں درج تھیں۔

جلوس مختلف بازاروں سے گزر کر  تھانہ بازار پہنچا جہاں عقیدت مندوں نے شاندار استقبال کیا اور 63 پائونڈ کا کیک کاٹا گیا۔ جلوس جناح چوک سے ہوتا ہوا بلدیہ کے سبزہ زار گرائونڈ میں پہنچا جہاں پر محفل میلاد النبی  ﷺ منعقد ہوئی جس سے   نامور مقرر سید وسیم الحسن نقوی  نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی اکرم نور مجسم حضرت محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم اس ماہ مقدس میں تمام جہانوں کے لئے رحمت بن کر آئے آپ ﷺ کی سیرت طیبہ بہترین مشعل راہ اور آپﷺ  کی حیات مبارکہ بہترین نمونہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نبی اکرم روح القب سینہﷺ  نے ہمیشہ اخوت ،بھائی چارے اور رواداری کا درس دیا ،ہمیں بھی سرکار مدینہﷺ  کے بتائے ہوئے احکامات پر عمل کر کے دنیا و آخرت کو کامیاب بنانا ہوگا۔