قبائلی عوام نے ہمیشہ ریاست اور ریاستی اداروں کا ساتھ دیا ہے ؛ گورنر حاجی غلام علی

5

پشاور،22 ستمبر(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ آئین و قانون کی پاسداری کرنے والی قومیں ہی ترقی کرتی ہیں، ہم سب کو بھی آئین کی پاسداری یقینی بنانے، معاشرے سے منفی رویوں اور عادات کے خاتمے کے لیے پورے اخلاص سے جدوجہد کرنی چاہئے۔ نوجوانوں کو محنت، لگن اور جہد مسلسل کی تعلیم دینی ہوگی تاکہ شائستگی، روایات اور اقدار کے ساتھ ہماری نسلیں آگے بڑھیں۔ قبائلی عوام نے ہمیشہ ریاست اور ریاستی اداروں کا ساتھ دیا ہے اورملک کے دفاع، امن واستحکام کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ موجودہ حالات کا تقاضہ ہے کہ ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف منفی سوچ کے خلاف متحد ہوکر کردار ادا کیاجائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاوس پشاور میں سابق رکن قومی اسمبلی مولانا جمال الدین کی قیادت میں ضم اضلاع کے نمائندہ 20 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔وفد میں شمس الدین، سید کبیر، مختیار خان، شفیق، شاہد علی، عبدالباقی اور دیگر شامل تھے۔ ملاقات میں ضم اضلاع کے عوام کو درپیش مسائل باالخصوص صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق امور پرتبادلہ خیال کیاگیا اور گورنر سے قبائلی عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔ گورنرنے اس موقع پر وفد کو مسائل کے حل میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہاکہ پسماندہ علاقوں کو بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی اورعوام کی خدمت کو اپنااولین فرض اورعبادت سمجھتاہوں، ضم اضلاع میں تعلیم، صحت، انفراسٹرکچرکی بہتری، بجلی سمیت دیگرسہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ غیور قبائلی عوام میرے بھائی ہیں، وفاقی حکومت اورصوبائی حکومت کو ضم اضلاع کی ترقی وخوشحالی اور عوام کو سہولیات کی فراہمی سے متعلق آگاہ کیاہے۔

 گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی  نے کہا کہ ضم اضلاع کے عوام کے احساس محرومیوں کاخاتمہ،صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کی سہولیات فراہم کرنا وفاقی اور صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ بہت جلد منتخب بلدیاتی نمائندوں کو فنڈز بھی جاری کردیے جائیں گے جس سے نچلی سطح پرنہ صرف ترقیاتی کام شروع ہوسکیں گے بلکہ مقامی سطح پر عوامی مسائل کاحل بھی یقینی ہوجائیگا۔