لاہور، 29ستمبر(اے پی پی): پنجاب کی صنعتی پالیسی تیاری کے مراحل میں ہے جس کا اعلان جلد کر دیا جائے گا، صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویرنے ایوان صنعت و تجارت چکوال کی سالانہ جنرل میٹنگ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی صنعتی پالیسی کی بدولت انڈسٹریل سیکٹر انقلابی ترقی و استحکام سے ہمکنار ہوگااور صنعتی و تجارتی حلقوں کی کاروباری سرگرمیوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا حکومت کے صنعتی ترقی کے لئے کئے گئے اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور آئندہ مختصر عرصہ میں انڈسٹریل پالیسی کے نفاذ سے صوبہ میں صنعتی شعبہ کو بھرپور فروغ حاصل ہوگا، پوٹھوہار ریجن میں غیر فعال سمال ڈیمز کو ترجیحی بنیادوں پر آپریشنل بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں جس سے ان سمال ڈیمز کے فعال ہونے سے کاشتکاروں کوپانی ملے گا اور فی ایکڑ پیدا وار میں اضافہ ہوگا۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے کہا کہ چیمبر آف کامرس کی مشاورت سے چکوال انڈسٹریل زون کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ سیاحتی مقامات کو ترقی دے کر سیاحتی سرگرمیوں کے لئے پر کشش اور منافع بخش بنایا جائے گا،صنعتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے پنجاب چیمبرز آف کامرس کوآرڈی نیشن کمیٹی بنائی گئی ہے تا کہ اضلاع کی سطح پر کام کرنے والے چیمبرز آف کامرس کو اس کمیٹی سے مربوط کر کے صنعتی ترقی کے مقاصد حاصل کئے جائیں گے ۔
ایوان صنعت و تجارت چکوال کی سالانہ جنرل میٹنگ میں صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر، ڈپٹی کمشنر چکوال، ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران کے علاوہ صنعتکاروں اور تاجروں نے شرکت کی۔
وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ دستیاب وسائل سے استفادہ کرتے ہوئے ڈی ایچ کیو ہسپتال کی انتظامیہ نے ہیلتھ کیئر سروسز کا مثالی معیار قائم کیا ہے،چیمبر آف کامرس کی سفارشات کی روشنی میں ضلع کے سرکاری ہسپتالوں خصوصاً ڈی ایچ کیو ہسپتال کی ہیلتھ کیئر سروسز کوبہتر کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر سے اسلام آباد میں راولپنڈی اور اسلام آباد کی بزنس کمیونٹی کے نمائندوں نے بھی ملاقات کی،انڈسٹری اور صنعتکاروں کے مسائل پر بات چیت کی گئی ۔صوبائی وزیر کی صنعتکاروں اور تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔