لاہور؛ عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں مقابلہ نعت خوانی،نگران وزیراعلیٰ پنجاب  نے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے

22

 

لاہور،29ستمبر(اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کے زیراہتمام الحمراءہال میں عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں مقابلہ نعت خوانی میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔

 اس تقریب کے مہمان خصوصی نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی تھے۔سرکاری سکولوں کے بچوں اور بچیوں نے قیصدہ بردہ شریف پڑھا اور خوبصورت انداز میں نعتیں پیش کیں۔بچوں اور بچیوں نے بارگاہ رسالتﷺ میں ہدیہ عقیدت کے پھول پیش کئے،روح پرور محفل میں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نعت رسول مقبولﷺ پڑھنے والے بچوں اور بچیوں کی تعریف کی اور شفقت کا اظہار کیا۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول راوی روڈ کی پوزیشن ہولڈرز طالبات کو خصوصی طور پر تقریب میں مدعو کیا اور انہیں انعامات دیئے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نعت خوانی کے مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات میں انعامات اور سرٹیفیکٹس تقسیم کئے۔

صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن منصور قادر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔اس روح پرور تقریب میں صوبائی وزراء اظفر علی ناصر،منصورقادر،ڈاکٹرجاویداکرم، مشیروہابریاض،سیکرٹری سکول ایجوکیشن،سیکرٹری اطلاعات،سی سی پی او،ڈپٹی کمشنر اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔