لاہور، 22ستمبر(اے پی پی):کمشنر لاہورکی زیر صدارت بجلی چوری کے خلاف ایکشن کے حوالے سے اہم اجلاس کا انعقاد ہوا ۔کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے بڑے بجلی چوروں کی مختلف محکموں میں موجود فائلوں پر کاشن سائن لگانے کی ہدایت کردی۔
کمشنر لاہور کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ لیسکو نے عام صارفین ،شہریوں کی شکایات کے ازالہ کیلئے ایس اوپی ز کو بہتر کیا ہے۔کمشنر لاہور نے کہا کہ جن علاقوں میں ایف آئی آرز کے مطابق گرفتاریاں ہوئیں ہیں وہاں ریکوری بھی بہتر رہی ہے۔
کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے کہا کہ مجموعی طور پر بجلی چوروں کیخلاف ایف آئی آرز کے مطابق گرفتایاں کم ہیں،فوری گرفتاریاں کی جائیں،لاہور سمیت پوری ڈویژن میں بجلی چوری کیخلاف سخت ترین آپریشن جاری ہے جبکہ بجلی چوری اور نادہندگان کیخلاف استغاثوں پر ایف آئی آرز فوری طور پر درج ہورہی ہیں۔
کمشنر لاہور نے کہا کہ لیسکو کی نادہندہ 22سب ڈویژنز اور 830 فیڈرز میں کسی کو رعایت نہیں ملے گی،ان کا مزید کہنا تھا کہ بل نادہندگی اور بجلی چوری کیخلاف ایکشن کے پہلے مرحلے میں بڑے مگرمچھوں کو پکڑا جارہا ہے۔بجلی چوری میں ملوث کسی فرد کو رعایت نہیں ملے گی ،ملوث ملازمین پر بھی ایف آئی آر درج ہوںگی۔
اجلاس میں ڈی سی لاہور رافعہ حیدر،ایڈیشنل کمشنر اشتمالیات حامد ملہی،ایڈیشنل کمشنرریونیو عثمان غنی،چیف انجینئر لیسکواعجاز احمد و پولیس افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے ڈی سیز اور ڈی پی اوز نے شرکت کی۔