اسلام آباد،6ستمبر (اے پی پی):لوک ورثہ کے زیرِ انتظام یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں سینما بورڈ پینٹنگ کی ثقافتی نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر سےمشہور مصوّروں نے حصہ لیا۔ جڑواں شہریوں کی بڑی تعداد نے نمائش میں دلچسپی لی اور مصوّروں نے خُوب داد وصول کی۔
نمائش کی اختتامی تقریب میں وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت سید جمال شاہ مہمان خصوصی تھے جنہوں نے مصوّروں کو اسناد اور نقد انعامات دیے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا مجھے خوشی ہے کہ لوک ورثہ نے سینما بورڈ پینٹنگ کے حوالہ سے اِس اہم نمائش کا انعقاد کیا، یہ فن جو کہ اب تقریبًا ختم ہو چکا ہے، اِس کو فروغ دینے کی اشد ضروت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اِس نمائش میں شرکت کرنے والے تمام مصوّر اپنے فن میں اعلی مقام رکھتے ہیں اور اِن کا تجربہ دہائیوں پر محیط ہے، لوک ورثہ کو آئندہ بھی اِس فن کی ترویج کے لیے اِن کا تعاون درکار ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزارتِ قومی ورثہ و ثقافت نے یومِ دفاع پاکستان کے حوالے سے کئی اہم تقریبات کا انعقاد کیا جن کے ذریعے مسلح افواج اور ملک کی حفاظت کرنے والے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، جن کی قربانیوں کی بدولت آج ہم ایک آزاد فضاء میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔