لاہور05ستمبر( اے پی پی ):نگران صوبائی وزیر محکمہ مائن و معدنیات ابراہیم مراد نے مائنز لیبر کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے حوالے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ مائنز میں کام کرنے والے مزدوروں کی خوشحالی و بہتری کے لئے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ مائنز میں کام کرنے والے مزدْوروں کے بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں تاکہ مائنز میں کام کرنے والے مزدوروں کے بچے پڑھ لکھ کر اپنا بہتر مستقبل بنا سکیں۔ابراہیم مراد کا کہنا تھا کہ مائنز لیبر کی گھریلو خواتین کو بھی ہْنرمند بنانے کے منصوبہ پر کام شروع کیا جائے گا تاکہ وہ اپنے خاندان کی فلاح میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
صوبائی وزیر معدنیات ابراہیم مراد نے کہا کہ کانکنان کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے جائیں گے۔ مائن لیبر ویلفیئر سکولوں میں طلبا کووظیفہ بھی دیا جاتا ہے اور مائنز میں کام کرنے والے مزدْوروں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کوبھی یقینی بنا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ افسران کی محکمہ لیبر کے قوانین کے حوالے سے ٹریننگ کا انعقاد کیا جائے۔ کمشنر مائنز لیبر ویلفیئر ریاض احمد چوہدری نے بریفنگ دی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل مائن عبدالشکور کے علاوہ دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔