مری؛ ڈپٹی کمشنر کا ٹی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، عید میلادالنبیﷺ پر مریضوں میں مٹھائی تقسیم کی

32

مری،30ستمبر(اے پی پی): نوتعینات ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی  نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر  کپٹن (ر) قاسم اعجاز اور اسسٹنٹ کمشنر مری کامران صغیر کے ہمراہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال مری کا دورہ کیا۔ اس موقع پرایم ایس تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال مری ڈاکٹر عبدالسلام عباسی  نے ڈپٹی کمشنر مری کو ہسپتال کے بارے میں تفصیلی بریفننگ دی اور ہسپتال میں مریضوں کو دی جانے والی سہولیات اور ہسپتال کے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے دورے کے دوران ہسپتال کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ ،لیبارٹری ،ایکسرے ڈیپارٹمنٹ ، ڈئلیسیز وارڈ ،اور ان ڈور ڈیپارٹمنٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور ہسپتال میں داخل مریضوں میں جشن عید میلادالنبیﷺ کی خوشی میں مٹھائی تقسیم کی اور ہسپتال میں داخل مریضوں اور ان کے لواحقین سے ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔

دورے کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر عبدالسلام عباسی ایڈمن آفیسر ثناء اعجاز اوران کی پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور ہسپتال میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات اور مریضوں کے علاج معالجے کی بہترین سہولیات پر ہسپتال کے عملے کی کھل کر ستائش کی اور میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر عبدالسلام عباسی کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔