ملتان،15 ستمبر(اے پی پی ):سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان ،ڈسڑکٹ بیڈمنٹن ایسوسی ایشن ملتان کے زیر اہتمام پنجاب بیڈمنٹن ایسوسی ایشن اور ڈی ایچ اے ملتان تعاون سے سپورٹس جمنیزیم ملتان میں جاری چار روزہ پنجاب بیڈمنٹن چیمپئن شپ اختتام پذیر ہوگئی۔آخری دن مینز اور وومن سنگل اور ڈبل جبکہ انڈر 13بوائز کا فائنل کھیلے گئے۔
شاہزیب شبیر ،فیصل آباد اور مس کنزلایمان، راولپنڈی نے مین سنگل اور وومن سنگل کا ٹائٹل جیتا۔زین سبحانی، لاہور نے انڈر 13بوائز سنگل پنجاب بیڈمٹن چیمپئن شپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ مینز ڈبل میں زین علی اینڈ برہان یاسین، لاہور نے ٹائٹل جیتا جبکہ وومنز ڈبل میں کنزلایمان، راولپنڈی اور ملتان کی شازیہ اسحاق نے کامیابی حاصل کی۔
اس موقع پر سپورٹس جمنزیم ملتان کی جگمگاتی روشنیوں میں تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی کمشنر ملتان انجینئر عامر خٹک تھےجبکہ رانا ندیم انجم ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان، ڈسڑکٹ سپورٹس آفیسر ملتان فاروق لطیف ،سیکرٹری پنجاب بیڈ منٹن ایسوسی ایشن طیب سہیل،صدر ملتان بیڈمنٹن ایسوسی ایشن،میاں محمد جہانگیر،سیکرٹری محمد اکرم،نور خان قیصرانی ٹی ایس او صدر ملتان،محمد انیس خان ڈسڑکٹ کوچ ملتان ،صباحبیب جمنیزیم انچارج بھی موجود تھے۔
رانا ندیم انجم نے استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمشنر ملتان کی خصوصی کاوشوں سے پنجاب لیول پر بیڈمنٹن چیمپئن شپ کا انتظام کیا گیا جس میں پنجاب کی 36اضلاع کے مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی جو کہ آج بخیروخوبی اختتام پذیر ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی کمشنر ملتان کی سربراہی میں سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان اس طرح کے مقابلہ جات منعقد کراتا رہے گا۔
فاروق لطیف نے کہا کہ ملتان آمد پر تمام مہمان کھلاڑیوں اور آفیشلز کےتہہ دل سے مشکور ہیں۔جن کی آمد سے اس چیمپئن شپ کو چار چاند لگ گئے۔طیب سہیل نے کہا کہ معزز مہمان خصوصی ،ٹیکنیکل کمیٹی اور تعاون کرنے والے اداروں کے شکرگزار ہیں کہ جن کے تعاون سے ایک بہترین ایونٹ کا انعقاد ہوا۔
کمشنر ملتان انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ پنجاب بیڈمنٹن چیمپئن شپ کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگئی ہے ،ڈسڑکٹ بیڈمنٹن ایسوسی ایشن ملتان،پنجاب بیڈمنٹن ایسوسی ایشن ،سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان اور ڈی ایچ اے ملتان کی یہ خصوصی کاوش قابل داد ہے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ملتان میں نیشنل لیول پر بیڈ منٹن کے ٹورنامنٹس منعقد کرائے جائیں گے تاکہ ہمارے کھلاڑی بہترین صحت مندانہ ماحول میں پرجوش مقابلوں سے شائقین کو لطف اندوز کرسکیں۔
تقریب کے آخر میں جیتنے والے کھلاڑیوں، آفیشلز، ٹیکنکل سٹاف،مہمانان گرامی کو خصوصی انعامات،شیلڈز اور اسناد دی گئیں۔