ملتان،02 ستمبر(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے جنرل بس سٹینڈ کی حدود میں غیر قانونی تعمیرات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو بھرپور کارروائی کی ہدایت کی ہے ،اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ نے بھاری مشینری کے ہمراہ جنرل بس سٹینڈ میں تجاوزات آپریشن کیا اور جنرل بس سٹینڈ کے ای بلاک میں قائم کھوکھے،تھڑے،شیڈز اور عارضی سٹینڈز مسمار کردیے۔ایڈمنسٹریٹر جنرل بس سٹینڈ و اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر عابد شبیر نے آپریشن کی قیادت کی جبکہ تجاوزات آپریشن میں پولیس،سول ڈیفنس اور جی پی ایس عملے نے حصہ لیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر عابد شبیر نے کہا کہ جنرل بس سٹینڈ اراضی کا ایک ایک انچ واگزار کرائیں گے،ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے ناجائز بس اڈوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا مکمل مینڈیٹ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں غیرقانونی سٹینڈز اور پرچی بھتہ مافیا کو بھی نکیل ڈالیں گے، جنرل بس سٹینڈ میں ٹرانسپورٹرز اور مسافروں کو مثالی سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے۔