ملتان؛ ضلعی انتظامیہ کا موسم کی تبدیلی کے پیش نظر بھرپور ڈینگی مہم چلانے کا فیصلہ

7

ملتان، 23 ستمبر (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر فیضان احمد ریاض نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے  موسم کی تبدیلی کے پیش نظر بھرپور ڈینگی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں محکمہ صحت کو ڈینگی لاروا کی تلفی کیلئے روزانہ کی بنیاد پر سرویلنس کے احکامات جاری کئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے   ڈپٹی کمشنر آفس میں محکمہ صحت کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈینگی مہم کے حوالےسے اقدامات اور محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔

ڈپٹی کمشنر فیضان احمد ریاض نے کہا کہ موسم میں حالیہ تبدیلی سے ڈینگی لاروا کی افزائشِ کا خطرہ ہے،ضلعی محکمے ڈینگی مرض کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اقدامات کریں۔ان  کا کہنا تھا کہ ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر کارخانوں اور  کمرشل عمارات کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں میں ڈینگی اقدامات کی ذاتی مانیٹرننگ کریں۔

اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فیصل قیصرانی نے ڈینگی کے حوالے سے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔