ملتان،23ستمبر(اے پی پی ):سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ کپاس کی آخری چنائی تک محکمہ زراعت کے افسران اور عملہ کاشتکاروں کے شانہ بشانہ شریک رہیں اور پیداواری ہدف کے حصول کیلئے کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے، موجودہ موسمی صورت حال کو دیکھتے ہوئے زیادہ الرٹ رہنے کی ضرورت ہے، کاشتکاروں کوکپاس کی آبپاشی، نیوٹریشن اور پیسٹ مینجمنٹ سے متعلق فنی رہنمائی کی فراہمی جا ری رکھیں۔
یہ بات انہوں نے ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان میں کپاس کے پیداواری ہدف کے حصول کیلئے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کہی۔ سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا کہ اچانک درجہ حرارت بڑھنے سے بعض اضلاع میں سفید مکھی کی تعداد میں اضافہ ہوا جس کے کنٹرول کیلئے ڈرونز،ہیلی کاپٹرز اور پاور سپرئیرز کی مدد سے جدید کیمسٹری کی حامل زرعی زہروں کے فوری سپرے کرائے گئے جس سے سفید مکھی کے حملے میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی۔انہوں نے کہا کہ حالیہ فصل سے 8.2 ملین گانٹھ روئی کے مقرر کردہ ہدف کے حصول کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، فیلڈ فارمیشنز کپاس کی بہتر نگہداشت بارے کاشتکاروں کی فنی رہنمائی جاری رکھیں، کپاس کی بہتر نگہداشت بارے مرتب کردہ سفارشات کاشتکاروں تک پہنچانے کیلئے تمام کمیونیکیشن ذرائع استعمال کیے جائیں۔انھوں نے کہا کہ مارکیٹ کمیٹی کے پاس کپاس کی آمد کا مکمل ریکارڈ ہونا چاہیے اور جننگ فیکٹریوں میں کپاس کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی جائے۔
سیکرٹری زراعت نے متعلقہ افسران کو کاٹن کنٹرول ایکٹ پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آلودگی کے باعث کپاس کا معیار بری طرح متاثر ہوتا ہے اور عالمی منڈی میں کم قیمت ملتی ہے، اس لیے ابتدائی طور پر چنائی کے وقت، ذخیرہ، ترسیل اور جننگ فیکٹریوں کی سطح پر احتیاط کی جائے تو آلائشوں سے پاک فصل سے نہ صرف کاشتکاروں کے منافع میں اضافہ ہوگا بلکہ کپاس کی برآمد سے زیادہ زرمبادلہ کا حصول ممکن ہوگا۔
اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس پنجاب شبیر احمد خان، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی،ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) ڈاکٹر اشتیاق حسن،ڈائریکٹر جنرل زراعت (پیسٹ وارننگ) پنجاب رانا فقیر حسین،کنسلٹنٹ زراعت توسیع ڈاکٹر محمد انجم علی،ڈائریکٹر جنرل زرعی شماریات ڈاکٹر عبدالقیوم اور ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب رائے مدثر عباس سمیت محکمہ انہار کے افسران و دیگر شریک ہوئے جبکہ سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل،کمشنر ڈی جی خان ڈاکٹر ناصر محمود بشیر سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز آن لائن شریک ہوئے۔