ملتان؛ کمشنر کی ڈینگی ٹیسٹ ایس او پیز کی خلاف ورزی اور غلط انٹری کرنے والی لیبارٹریوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت

11

ملتان،20 ستمبر (اے پی پی):کمشنر انجینئر عامر خٹک نے ڈینگی ٹیسٹ ایس او پیز کی خلاف ورزی اور غلط انٹری کرنے والی لیبارٹریوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

یہ ہدایت انہوں نے انسداد ڈینگی مہم بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن کے افسران نے شرکت کی۔

کمشنر عامر خٹک نے کہاکہ حکومت پنجاب کی جانب سے تمام نجی لیبارٹری سٹاف کی ٹریننگ کروائی جاچکی ہے، ٹریننگ کے باوجود ڈینگی کا شکار مریضوں کی غلط انٹری قابل قبول نہیں۔ممکنہ،مشتبہ، کنفرم ڈینگی مریضوں کی ایس او پیز کے مطابق انٹری کی جائے،ڈینگی مریضوں کی غلط انٹری سے شہریوں میں خوف وہراس پھیلتا ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ملتان کے دیگر اضلاع میں انسپکشن، کارروائیاں تیز کرے۔

اس موقع پرڈائیریکٹرلائسنسنگ ہیلتھ کئیر ڈاکٹرانورجنجوعہ اورفوکل پرسن برائےانسداد ڈینگی مہم ڈاکٹرعطا الرحمن کی جانب سےتفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ایڈیشنل کمشنر سرفراز احمد، متعلقہ افسران اورڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں موجودتھے۔