میرپورخاص:ملیریا کیسز میں اضافہ، 3100 پازیٹیوکیسز

29

میرپورخاص، 13 ستمبر(اے پی پی):ضلع میں ملیریا کیسز میں اضافے کے باعث اس ہفتے میں ملیریا پازیٹیو آنے کی تعداد 3100 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت میرپورخاص کے فوکل پرسن ڈاکٹر اشوک نے اے پی پی کو بتایا کہ  اس ہفتے ملیریا کے ضلع بھر میں 3100 کیسز پازیٹو آئے ہیں اور رواں ماہ 52ہزار  افراد کے ملیریا ٹیسٹ کیلیے  سیمپل لیے گئے جن میں سے 17ہزار افراد میں ملیریا کے پازیٹو کیسز رپورٹ ہوئے۔جنوری سے جولائی 2023 تک 1 لاکھ 47ہزار 334 لوگوں کے ملیریا کے نمونے لئے گئے جس میں سے 25ہزار 753 ملیریا کے پازیٹو کیسز ظاہر ہوئےجبکہ اسی طرح اگست 2023 میں 41 ہزار 841 میں سے 13ہزار 432 کیسز پازیٹو ہوئے جس کا تناسب 32فیصد ہے۔

ڈی ایچ او ڈاکٹر جئے رام  نے اے پی پی کو  بتایا کہ محکمہ صحت کی نگرانی میں ضلع بھر میں کل  111سینٹرز کام کر رہے ہیں جس میں سے 90سینٹر سرکاری اور 21 نجی سینٹر شامل ہیں جہاں پر ملیریا سے بچاؤ کی ادویات اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے تمام مطلوبہ سہولیات مفت فراہم کی جارہی ہیں اور 826 لیڈی ہیلتھ ورکرز کے ذریعے یوسی سطح پر 25000مچھر دانیاں مفت تقسیم کی گئی ہیں اور ملیریا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے کے لیے آگاہی پروگرام بھی منعقد کئے جا رہے ہیں۔محکمہ صحت کی ہدایت پر ضلع بھر میں 30 صحت مراکز قائم کردیئے گئے ہیں۔