میر پور خاص،25 ستمبر(اے پی پی): ایس ایس پی عادل میمن نے کہا ہے کہ میر پورخاص پولیس کیجانب سے منشیات فروشوں، موٹر سائیکل چوری میں ملوث گینگز، روپوش اور اشتہاری ملزمان کیخلاف بھرپور کریک ڈاون جاری ہے اور در جنوں گرفتاریاں اور ہزاروں کلوگرام سے زائد منشیات اور درجن سے زائد چوری شدہ موٹر سائیکلیں بر آمد کی گئی ہیں۔ اشتہاری اور روپوش ملزمان کی گرفتاری کی جاری مہم میں 40 اشتہاری اور روپوش ملزمان گرفتار کئے ہیں۔ کل 5 گینگز گرفتار کئے گئے ہیں اور 34 مقدمات منشیات کے خلاف داخل کئے گئے ہیں۔
ایس ایس پی آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ میرپورخاص پولیس نے گزشتہ چند دنوں میں بھر پور کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ جرائم میں ملوث در جنوں ملزمان گرفتار کر کے ہزاروں کلو گرام منشیات اور در جنوں چوری شدہ موٹر سائیکلز اور ٹرک بر آمد کر لئے گئے ہیں۔ سی آئی اے پولیس نے کاررروائی کرتے ہوئے ملزم ثنا اللہ کو منشیات اور کار سمیت گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا۔ گزشتہ دنوں چوری ہونے والا ٹرک ایس ایچ او اولڈ نے کارروائی کرتے ہوئے بر آمد کیا۔ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن اولڈ میرپور میں مقدمہ درج کیا گیاہے اور ملوث ملزم محمد امین کو گر فتار کیا گیا۔
سی آئی اے پولیس نے مین پڑی بنانے کی فیکٹری پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے، ہزاروں کلو گرام مین پڑی میں استعمال ہونے والا خام مال بر آمد کیا اور اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن سیٹلائٹ ٹاون میں مقدمہ درج کیا گیا اور ایک ملزم عبدالروف لغاری کو کو گرفتار کیا گیاہے۔ڈگری پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے، 216 شراب کی بوتلیں بر آمد کیں اور اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن ڈگری میں مقدمہ درج کیا گیا۔ انچارج ڈی آئی سی نے 09 چوری اور گمشدہ موبائل فونز برآمد کر کے مالکان کے حوالے کئے گئے ہیں۔
سی آئی اے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم صغیر چانڈیو کو گر فتار کیا ، ملزم اپنے ساتھی قربان بروہی کے ساتھ ملکر موٹر سائیکل کی سیٹ کے اندر منشیات چھپا کر سیل کرتا تھا جسکے خلاف مقدمہ درج کیا گیاہے ۔میرپورخاص پولیس نے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کو روکنے کے لئے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے مختلف کارروائیوں میں 23 موٹر سائیکلیں بر آمد کیں، اسی سلسلے میں گزشتہ دنوں سی آئی اے میرپورخاص اور ایس ایچ اون مہران، انچارج 15 مددگار نے دو مختلف کارروائیوں میں 19 چوری شدہ موٹر سائیکلیں بر آمد کیں۔