میر پور خاص شہر کو لوڈ شیڈنگ فری زون بنانے کیلئے پورے ملک میں ماڈل شہر کے طورپر منتخب کیا گیا ہے؛سی ای او حیسکو

29

میر پور خاص،21ستمبر(اے پی پی): میرپورخاص شہر کو لوڈشیڈنگ فری زون بنانے کے لیے پورے پاکستان میں ماڈل شہر کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیف ایگزیکٹو آفیسر حیسکو مظفر علی عباسی نے میر پور خاص میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ میرپورخاص شہر کو لوڈشیڈنگ فری زون بنانے کے لیے 10 اکتوبر تک تمام کام مکمل کیا جائے گا اور 15 اکتوبر 2023 سے باقاعدہ طور پر لوڈشیڈنگ فری زون بن جائے گا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر حیسکونے کہا کہ میرپورخاص شہر کو لوڈشیڈنگ فری زون بنانے کے لیے علاقے کے بجلی کے کنکشن کی رجسٹریشن کی جائے گی اس ضمن میں حیسکو کی 10سے 12 ٹیمیں کام کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی شکایات اور حیسکو کے متعلق تمام مسائل کو حل کرنے کے لیے شہر میں کسٹمر کئیر سینٹر، ون ونڈو کئیر سینٹر اور موبائل ونڈو کئیر سینٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور شہر کو لوڈشیڈنگ فری زون بنانے کے لیے بجلی کے گرڈ اسٹیشن سے لیکر ٹرانسفارمر تک لگے تمام میٹرز کی تصدیق کی جائے گی،شہر کو لوڈشیڈنگ فری زون بنانے کے لیے علاقے کے آبادی کے مطابق بجلی کے ٹرانسفارمر نصب کئے جائیں گے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر حیسکو نے کہا کہ حیسکو کی جانب سے اٹھارہ ہزارمیٹر خریدے جا رہے ہیں، بجلی چوری کی روک تھام اور بقایاجات کی وصولی کی مد میں اب تک ایک ارب 21 کروڑ روپے کی ریکوری کی گئی ہے، دو ہزار بجلی چوری کے کیسز رجسٹر ڈکئے گئے ہیں اور 40 فیصد ریکوری ہوئی ہے۔

 چیف ایگزیکٹو آفیسر حیسکو نے کہا کہ جن صارفین کے بجلی میٹر زخراب ہیں یا نہیں لگے ہوئے ہیں وہ میرپورخاص شہر کو لوڈشیڈنگ فری زون بنانے کے دوران انکے دروازے پر مفت لگائے جائیں گے، میرپورخاص، حیدرآباد اور نوابشاہ میں ٹرانسفارمر کی مرمت کے لیے جدید ورکشاپ کی منظوری دی گئی ہے، فنڈز بھی مل گئے ہیں اور ٹرانسفارمرز کی مرمت کے لیے حیسکو کی ٹیمیں بھی مقرر کی جائیں گی۔ شہر کو لوڈشیڈنگ فری زون بنانے کا مقصد کسٹمر ریلیف سروسز فراہم کرنا ہے۔

 اس سے قبل حیسکو چیف مظفر علی عباسی کا ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان، مئیر عبدالروف غوری اور ڈپٹی میئر جنید بلند کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں بتایا گیا کہ شہر کے موجودہ 14فیڈرز میں 51 ہزار صارفین کے بجلی کے کنکشنز ہیں۔ اجلاس میں حیسکو کے ترجمان صادق کنبھر، سپرنٹنڈنٹ انجینئر حیسکو میرپورخاص منظور علی مگسی، میونسپل کمشنر رفیق سیھڑ، حیسکو کی ٹیکنیکل ٹیم سمیت تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔