نارووال،30ستمبر(اے پی پی )؛ ڈپٹی کمشنرمحمداشرف نے 2 اکتوبرسے شروع ہونے والی انسدادپولیومہم کاافتتاح کردیا ہے ۔ڈپٹی کمشنرنےڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرزہسپتال میں پانچ سال سے کم عمرکے بچوں کوپولیوویکسین کے قطرے پلائے،انہوں نے انسدادپولیومہم کے حوالے سے آگاہی ریلی کی قیادت بھی کی۔
ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پرکہاکہ پولیوکاخاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،پولیوکے خاتمے کے لیے تمام شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کو اس موذی وائرس کے خاتمہ کے لئے ہراول دستے کا کردار ادا کرنا ہوگا۔2اکتوبر سے شروع ہونے والی 5روزہ انسداد پولیو مہم میں ہرشخص اپنے بچوں کے بہترمستقبل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔انہوں نے کہاکہ پولیو ویکسین کے دو قطرے ہمارے بچوں کوہرقسم طرح کی معذوری سے بچاسکتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنرمحمداشرف نےمزیدکہاکہ انسدادپولیو مہم کو کامیاب بنانا صرف محکمہ صحت کی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ معاشرے کے ہرباشعورشہری کی ذمہ داری ہے۔ علماءکرام ،والدین ،میڈیانمائندگان انسداد پولیومہم کو کامیاب بنانے کے لئے کلیدی کردار اداکریں۔انہوں نے کہاکہ پولیو مہم میں حصہ لینے والے ورکرزہمارا فخراور ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں جوگھرگھرجاکر معصوم بچوں کوپولیوسے بچاوکے قطرے پلاتے ہیں اس لیے ہمارا فرض ہے آنے والے ورکرز کے ساتھ عزت واحترام کے ساتھ پیش آئیں۔
انہوں نے کہاکہ محکمہ صحت کی طرف سے 2اکتوبرکوشروع ہونے والی پانچ روزہ انسدادپولیو مہم کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں،مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمرکے 3لاکھ65ہزار198بچوں کوپولیوکے قطرے پلائے جائیں گے جس کے لیے 1ہزار341ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں۔
سی ای اوہیلتھ ڈاکٹرنویدحیدر،ڈی ایچ اوڈاکٹرمحمدطارق،نمائندہ عالمی ادارہ صحت ڈاکٹرعاقب،ایم ایس ڈاکٹرافضال راجپوت،ڈسٹرکٹ کوارڈی نیٹربرائے نیشنل پروگرام ڈاکٹرزاہدرندھاوا،میڈیکل آفیسرڈاکٹرراحت علی،ڈی ایس وی مجاہدعلی،ڈی آئی اواحسان الحق چوہدری،انچارج شعبہ ڈائیلاسزطارق شاہین ودیگراس موقع پرموجودتھے۔