لاہور یکم ستمبر ( اے پی پی ):نگران صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ابراہیم مراد نے کہا ہے کہ نجی ٹیکسی کمپنیاں پاکستان میں ضرور کام کریں لیکن باقاعدہ قانون سازی و دائرہ کار کے مطابق کام کرنا ضروری ہے۔ماضی میں نجی ٹیکسی کمپنیوں کے ساتھ سفر کرتے ہوئے کئی شہریوں کے ساتھ حادثات پیش آئے،نجی ٹیکسی کمپنیوں کے ساتھ کام کرنے والی گاڑیوں کی نشاندہی ہونا انتہائی اہم ہےکمرشل مقاصد کے لئے استعمال ہونے والی گاڑیوں کی ایکسائیز سے رجسٹریشن کا طریقہ کار بھی مختلف ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اعلی سطح اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ نجی ٹیکسی کمپنیز کو ریگولرائز کر کے باقاعدہ دائرہ کار میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تمام نجی ٹیکسی کمپنیز کو حکومتی قوانین کے مطابق کام کرنا ہو گا،عام عوام کی حفاظت حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہےعام عوام کی سہولت کے ساتھ ساتھ ان کی حفاظت بھی کلیدی اہمیت کی حامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ نجی ٹیکسی کمپنیوں کے ساتھ گاڑی چلانے والوں کے پاس محکمہ ٹرانسپورٹ سے حاصل کردہ رُوٹ پرمٹ ہونا لازم ہو گا،نجی ٹیکسی کمپنیوں کو ریگولیٹ کرنے کے لئے پروونشل موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 میں ترمیم کرنے جا رہی ہے۔اجلاس میں سیکریٹری محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سیکریٹری ایم ٹی اے، سیکریٹری پی ٹی اے، سیکریٹری آر ٹی اے و دیگر موجود تھے۔