نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں 46ویں سالانہ سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد

21

 

 

ملتان،12 ستمبر(اے پی پی): نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں 46ویں سالانہ سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد گزشتہ روز حیات ظفر آڈیٹوریم میں کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد جبکہ گیسٹ آف آنر سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور علامہ سید حامد سعید کاظمی تھے

 کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر عمران اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ فزیالوجی نشتر میڈیکل یونیورسٹی نے انجام دیئے۔ طلباء وطالبات کی جانب حمد و نعت پیش کیے جانےکے بعد سیرت النبیؐ کے حوالے سے تقاریر کا سلسلہ شروع ہوا۔ اور  مقررین نے اپنے خطاب میں نبی پاک ﷺ کی زندگی اور سیرت طیبہؐ پر روشنی ڈالی۔ تقریب سے وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد، علامہ سید حامد سعید کاظمی، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز پروفیسر ڈاکٹر عباس نقوی اور پروفیسر ڈاکٹر صدیق خان قادری نے بھی خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حضور نبی کریم ﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہو کر ہم اپنی انفراد ی اور اجتماعی زندگی کی بہتری کے ساتھ ساتھ آخرت بھی سنوار سکتے ہیں۔

کانفرنس کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد اور علامہ سید حامد سعید کاظمی نے منتظمین اور مقررین میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کیے۔

کانفرنس میں ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز پروفیسر ڈاکٹر عباس نقوی، پروفیسر ڈاکٹر صدیق خان قادری، پروفیسر ڈاکٹر اعظم خان، پروفیسر ڈاکٹر اصغر جاوید ، پروفیسر ڈاکٹر زہرا نازش، پرنسپل نشتر کالج آف نرسنگ سمیت دیگر سینئر فیکلٹی ممبران، نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے طلباء وطالبات اور نرسنگ سٹاف کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔