نوشہرہ ورکاں،11 ستمبر(اے پی پی): اساتذہ،والدین اور بچوں کے درمیان تعلیمی رشتوں کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب میں مقررین نے کہا کہ تعلیم وہ اثاثہ اور قیمتی خزانہ ہے جو نہ صرف زندگی کے ایام تک انسان کی سانسوں کا ساتھی بنا رہتا ہے بلکہ انسان کی زندگی میں یہ اثاثہ دیگر امور میں خوشحال پہلووں اور انسان کی زندگی کا محور و منور بھی بن جاتا ہے۔تعلیم کے میدان میں پسماندہ ترین تحصیل مرکز نوشہرہ ورکاں میں جو ماحول دیکھنے میں آ رہا ہے وہ خوبصورت اور خوب سیرتی کا حصہ بھی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار ماہر موٹیویشن سپیکر، پروفیسرڈاکٹر جاوید اقبال سرجن اور مقررین اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں محمد نوید حیدر،ڈاکٹر سید شفقت علی شاہ،اقبال حسین بخاری ودیگر نے کنڈر گارڈن سکول سسٹم کی جانب سے اساتذہ،والدین اور بچوں کے درمیان تعلیمی رشتوں کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کو خصوصا ًبیٹی کو گھر میں ایک اہم فرد کی حیثیت سے برابری کی بنیاد پر دیکھیں اور بچوں کو قرآن مقدس کی تعلیم سے کبھی محروم نہ رکھیں۔نجی سکول سسٹم کے زیر انتظام منعقدہ سیمینارمیں طلبہ ،والدین،قابل ترین طلبہ اور مہمانوں کو اعزازی شیلڈ زاور لیپ ٹاپ دیے گئے۔