نگران حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے تمام اقدامات بروئے کار لا رہی ہے؛  سید وصی احمد فاطمی

37

لاہور،18ستمبر  (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے سیاحت سید وصی احمد فاطمی نے کہا ہے کہ نگراں حکومت سیاحت کو فروغ دے کر نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقعوں کے ساتھ ساتھ کثیر زرمبادلہ حاصل کرنے کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لا رہی ہے،سیاحت کے فروغ اور طلبہ کو ہنر کی تعلیم کی فراہمی کے لیے کالج آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ(کوتھم) اپنا بھرپور مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار  پیر کے روز کوتھم ہیڈ آفس نیو گارڈن ٹائو ن میں سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات کے حوالے سے اپنے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نمائندہ خصوصی  نے کہا کہ ملک میں سیاحت اور صنعت کو فروغ دے کر ملک کی معاشی صورتحال میں بہتری لائی جا سکتی ہے،حکومت سیاحت کو بھرپور انداز میں ترقی و فروغ دے رہی ہے تا کہ ایک بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کو ملک میں لایا جا سکے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نجی شعبوں کے ساتھ مل کر شعبہ سیاحت سے متعلق کمی و خامیاں اور انفراسٹرکچر کی بہتری اور سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اہم تجاویز و سفارشات مرتب کر رہی ہے۔

وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی نے کہاکہ حکومت سیاحت کی ترقی کے لئے ہر ممکن تعاون کے لئے ہمہ وقت تیار ہے اور بہتر تعاون اور روابط کے ذریعے شعبہ سیاحت سے متعلقہ مسائل کو ایک مشترکہ کوششوں کے لئے حل کرنے کی خواہاں ہے۔انہوں نے کہاکہ اگردسمبر تک الیکشن کا انعقاد نہ ہوا تو ادارے کے شعبہ جات کو پروموٹ کر نے کے لیے حکومت سیاحت کے حوالے سے جلد نومبر یا دسمبر میں ایکسپو سنٹر میں ایک عالمی سطح کی کانفرنس منعقد کرنے جا رہی ہے،اس کانفرنس کے انعقاد سے دنیا بھر سے ماہر پاکستان آئیں گے،اس کانفرنس کے انعقاد سے لوگوں کو سیاحت کے حوالے سے لگائو پیدا ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ روایتی تعلیم کا دور اب ختم ہو گیا ہے،ہمیں بیروز گاری کے خاتمے اور معاشی ترقی کے لیے ہنر مندی  کی تعلیم حاصل کرنے کی طرف آنا ہو گا،اگر ہم اپنے بچوں کو کوئی ہنر کی تعلیم دلوائیں گے تو وہ فارغ التعلیم ہونے کے بعد بیروز گار نہیں بلکہ ایک باعزت روزگا ر حاصل کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔

سید وصی فاطمی  نے کہا کہ ہاسپٹیلیٹی اینڈ ٹورازم کی فیلڈ میں کوتھم کالج کا معیار تعلیم ترقی یافتہ ممالک کے معیار کے مطابق ہے۔انہوں نے کوتھم کالج کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارے کا سب سے اہم کمال یہ ہے کہ یہ ادارہ طالب علموں کو عالمی معیار کے ہنر کی تعلیم سے بہرہ مند کر رہا ہے،اس ادارے کی تمام تر کوشش یہ ہے کہ بچوں کو ایسا ہنر سکھایا جائے کہ نوکری کے لیے مارے مارے پھرنے کی بجائے اپنا باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔

وزیر اعظم کے مشیر  نے کہا کہ مجھے بڑی خوشی ہوئی کہ 25 کروڑ کی آبادی میں کوتھم کالج اپنی16 برانچز کے ساتھ ملک کے نوجوانوں کو ہنر کی تعلیم دینے کے لیے دن رات کوشاں ہے اور صحیح طور پر ملک و قوم کی خدمت کر رہا ہے۔

قبل ازیں کالج آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ(کوتھم)کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد شفیق نے ادارے کے اغراض و مقاصد کے بارے میں   بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کوتھم کی  16 برانچز ہیں جو طلبہ کو عالمی معیار کی ڈگریاں فراہم کرتی ہیں،ان اداروں میں  ہوٹل مینجمنٹ،کلنیری آرٹس، بیکنگ، فوٹو سیفٹی،ٹریول ٹورازم اینڈ ایئرلائن اور چاکلیٹ اکیڈیمی کے شعبہ جات میں تعلیم و تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔کوتھم سے تعلیم حاصل کرنے والے  بے شمار شیف دنیا کے مختلف بین الاقوامی اداروں میں اپنی خدمات سر انجا م دے رہے ہیں جو  ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔انہوں نے کہاکہ آئندہ چند سالوں میں ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کی ضروریات میں اضافہ ہو جائے گا،اس لیے ہمیں اس صنعت کو فروغ دینے کے لیے ابھی  سے ہی عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے۔

اس موقع پرمسعود علی خان اور ذوالفقار راحت بھی موجود تھے۔