لاہور،18 ستمبر( اے پی پی):نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے جناح ہسپتال کی زیر تعمیر ایمرجنسی، ٹراما سنٹر اور کارڈیک سنٹر کا تفصیلی دورہ کیا۔ متعلقہ افسران نے نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کو اس حوالہ سے بریفنگ دی۔
نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جناح ہسپتال لاہور آنے والے مریضوں کی آسانی کیلئے نئی ایمرجنسی، ٹراما سنٹر اور کارڈیک سنٹر بنا رہے ہیں،پنجاب کی بڑھتی ہوئی آبادی کے اعتبار سے موجودہ سرکاری ہسپتالوں کی توسیع اور نئے ہسپتالوں کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کیلئے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کی بہتری اولین ترجیح ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی مختلف سرکاری ہسپتالوں کا خود دورہ کرکے معاملات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ بدقسمتی کے ساتھ پاکستان میں بائیو ٹیکنالوجی کا کوئی پلانٹ موجود نہیں ہے،پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کی استعدکار میں اضافے کے بعد ہی ہم بڑھتی ہوئی آبادی کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے قابل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے لاہور سمیت صوبہ بھر میں بڑے نئے سرکاری ہسپتال بنانے کی طرف توجہ نہیں دی گئی، حکومت پنجاب سرکاری ہسپتالوں کی بہتری کیلئے دن رات اصلاحات لا رہی ہے۔
اس موقع پر سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن واجد علی شاہ، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ، ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹر یحییٰ سلطان، ڈپٹی چیف آئی ڈیپ عمر بیلہ اور متعلقہ افسران موجود تھے۔