لاہور،18ستمبر (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی چین کے صوبہ ننشیاپہنچ گئے،ننشیا کے دارالحکومت ین چوان میں ایئرپورٹ پر وزیر اعلی محسن نقوی اور وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا،محسن نقوی کا چینی صوبے ننشیا کے اعلی سرکاری حکام نے خیر مقدم کیا اور انہیں گرمجوشی سے خوش آمدید کہا۔صوبائی وزرا ایس ایم تنویر، ابراہیم حسن مراد اور چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان بھی وزیر اعلی محسن نقوی کے ہمراہ تھے۔
وزیر اعلی محسن نقوی نے ننشیا کے اعلی حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹ، انڈسٹری اور دیگر شعبوں میں چین کے کامیاب ماڈل کا مشاہدہ کر رہے ہیں، زراعت اور دیگر شعبوں میں چین کے کامیاب تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے ۔
چینی حکام نے کہا کہ پنجاب سے سرکاری وفد کی آمد ہمارے لئے باعث اعزاز ہے،پنجاب اور ننشیا کو ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کے مواقع ملیں گے ۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی ننشیا فرینڈ شپ فورم کے استقبالیہ میں بھی شرکت کریں گے ۔