نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی آکسفورڈ یونین میں طلباء اور ماہرین تعلیم سے بات چیت

12

لندن۔26ستمبر  (اے پی پی):نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے آکسفورڈ یونین میں طلباء  اور ماہرین تعلیم سے بات چیت کی،  آکسفورڈ یونین جو بااثر رہنماؤں اور مفکرین کی میزبانی کے لئے مشہور ہے، نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔آکسفورڈ یونین کی صدر دیشا ہیگڈے نے وزیر اعظم کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سوال و جواب کے سیشن کو موڈریٹ کیا جس میں اہم قومی، علاقائی اور عالمی مسائل پر ان کے وژن کے بارے میں آگاہی فراہم  کی گئی۔ اس  موقع پر  نگراں وزیراعظم سے آکسفورڈ یونیورسٹی کے طلباء نے سوالات کئے جو  رہنماؤں اور سکالرز کی اگلی نسل سے جڑے تھے۔ بات چیت کے دوران وزیراعظم نے پاکستان کی معیشت، سیاست، سلامتی اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی۔آکسفورڈ یونین کے دفتر میں وزیراعظم نے عالمی مباحثہ اور قیادت کی تشکیل میں ادارے کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے مہمانوں کی کتاب پر دستخط کئے۔قبل ازیں وزیراعظم نے آکسفورڈ سنٹر فار اسلامک سٹڈیز کا بھی دورہ کیا جہاں ان کا استقبال سنٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فرحان احمد نظامی نے کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کو مرکز کا دورہ کرایا اور انہیں بین الثقافتی افہام و تفہیم اور اسلامی تہذیب کے مطالعہ کو فروغ دینے کی کوششوں سے آگاہ کیا۔یہ تقریب فکری تبادلے اور مکالمے کا ایک اہم لمحہ تھا جس میں عالمی شراکت داری اور فکری ترقی کو فروغ دینے کے لئے وزیر اعظم کے عزم کو اجاگر کیا گیا۔