اسلام آباد،04 ستمبر(اے پی پی ):نگراں وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، امداد علی سندھی نے پاکستان اور ترکی کے درمیان ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے ۔
وہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ہسٹوریکل اینڈ کلچرل ریسرچ (این آئی ایچ سی آر)، قائداعظم یونیورسٹی اور یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ، ترکش کلچرل سنٹر کے زیر اہتمام ‘‘ایک سو سال کی شدت: پاک ترک تعلق’’ کے عنوان سے تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان برادرانہ تعلقات بھائی چارے اور محبت کا بے مثال مظہر ہیں جس کا موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں نے تحریک خلافت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور مزید کہا کہ نئی نسل کو اپنے ثقافتی تشخص سے آگاہ ہونا چاہیے۔
نگراں وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باصلاحیت اور تخلیقی ذہن کسی بھی قوم کی پہچان ہوتا ہے، ادب اور فن کے فروغ سے ہی قومیں ایک دوسرے کے قریب آتی ہیں اور ان کے درمیان قربت بڑھتی ہے۔
مہمان خصوصی ترکی کے سفیر پروفیسر ڈاکٹر مہمت پکاکی نے کہا کہ ترکی پاکستان کے ساتھ سدا بہار تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، زندگی کے ہر شعبے میں دونوں نے دل و جان سے ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔