اسلام آباد،22 ستمبر(اے پی پی): سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے دورہ امریکہ کے دوران 25ویں انٹرنیشنل سی پاور سمپوزیم 2023 میں شرکت کی۔سمپوزیم میں دنیا بھر سے مختلف ممالک کے وفود، بحری افواج اور کوسٹ گارڈ کے سربراہان نے شرکت کی۔سمپوزیم میں مشترکہ میری ٹائم چیلنجز اور بین الاقوامی سطح پر میری ٹائم سیکیورٹی میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سربراہ پاک بحریہ نے امریکہ کے سیکرٹری آف نیوی اور امریکی بحریہ کے دیگر اعلی حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔ سربراہ پاک بحریہ نے سپین کے چیف آف اسٹاف اور آذربائیجان، سعودی عرب، ہالینڈ، مصر کی بحری افواج کے سربراہان سے بھی الگ الگ خصوصی ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں کے دوران نیول چیف نے عالمی سطح پر میری ٹائم ڈومین میں بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کیلئے پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف کے اس دورے سے سمپوزیم میں شریک دیگر ممالک کی بحری افواج کے ساتھ علاقائی اور عالمی سطح پر سمندری تحفظ کیلئے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔