لاہور،13ستمبر (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے ایل ڈی اے ون ونڈو سیل اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ وزیراعلی نے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں 214 نئی ایمبولینس گاڑیاں محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے سپرد کیں۔
وزیر اعلی نے ایل ڈی اے ون ونڈو سیل کے دورے کے موقع پر شہریوں سے ملاقات کی اور درخواستوں پر پراگرس کا پوچھا۔شہریوں نے درخواستیں نمٹانے کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیر اعلی محسن نقوی نے شہریوں کی شکایات کے ازالے کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔بعض سائلین نے منشا بم اور قبضہ مافیا کے خلاف شکایات کیں۔انہوں نے متاثرہ شہریوں کو کمیٹی روم میں بلایا اور ہر ایک کے مسئلے کو خود سنا۔متاثرہ شہریوں نے منشا بم قبضہ مافیا کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیئے۔انہوں نے فوری ایکشن لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور کو ایل ڈی اے آفس بلایا۔
وزیر اعلی محسن نقوی نے فی الفور منشا بم اور دیگر قبضہ کے خلاف کاروائی کا حکم دیا اورسی سی پی او لاہور اور ڈی جی ایل ڈی اے کو بلا تاخیر کارروائی کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ متاثرین کو حق دلوائیں گے، کسی سے زیادتی نہیں ہو گی۔منشا بم اور اس طرح کے دیگر قبضہ مافیا سے قانون کے آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے گا،قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈائون ہو گا۔
وزیر اعلی محسن نقوی نے ایل ڈی اے کے پورے سسٹم کو ڈیجٹلائزڈ کرنے کا پلان طلب کر لیا۔وزیر اعلی نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے ایل ڈی اے کو ڈیجیٹل کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ ون ونڈو سیل میں بہتری آئی ہے تاہم اس سے کم وقت میں شہریوں کو دستاویزات ملنی چاہئیں۔ڈی جی ایل ڈی اے نے وزیر اعلی محسن نقوی کو بریفنگ دی۔
بعد ازاں وزیراعلی محسن نقوی نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ہیڈ آفس شاہین کمپلیکس کا دورہ کیا اورعملے سے ملاقات کی،وزیراعلی نے ایل ڈبلیو ایم سی کے کنٹرول روم او رآپریشنل روم کامعائنہ کیا۔وزیر اعلی محسن نقوی کی زیر صدارت ادارے کی کارکردگی کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ انہوں نے ایل ڈبلیو ایم سی کو مالی خود انحصاری کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے پلان طلب کر لیا۔انہوں نے ایل ڈبلیو ایم سی کو دبئی میں سالڈ ویسٹ کی سروسز فراہم کرنے کے لئے بڈ میں حصہ لینے کی اجازت دی۔
وزیراعلی نے لاہور کی چند بڑی سوسائٹیز میں صفائی کا نیا قابل عمل پلان طلب کر لیا،جس کے تحت گلبرگ،گارڈن ٹائون،جوہر ٹائون،مسلم ٹائون،فیصل ٹائون اور دیگر سوسائٹیز میں کوڑا کرکٹ کو فروخت کرنے کے پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔لاہور کے چند علاقوں میں کوڑا کرکٹ کی فروخت کے ماڈل کا جائزہ لے کر باقی علاقوں میں نافذالعمل کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
وزیراعلی محسن نقوی نے چھوٹے گھروں پر کوڑا کرکٹ کے چارجز لگانے کی تجویز مسترد کر دی۔اجلاس میں ہر ہائوسنگ سوسائٹی سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کے چارجز وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔عدم ادائیگی کی صورت میں ہائوسنگ سوسائٹی کو کوڑا اٹھانے اور ڈمپنگ سائٹ استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعلی محسن نقوی نے ویسٹ ٹو انرجی قابل عمل پلان طلب کر لیا۔محسن نقوی نے کہاکہ کوڑا کرکٹ سے انرجی پیدا کرنے کیلئے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کریں گے۔وزیراعلی نے ایل ڈبلیو ایم سی کو کمپوزڈ فرٹیلائزر کی تیاری کے لئے پلانٹ کو پوری طرح فنکشنل کرنے کی ہدایت کی۔
صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ واطلاعات عامرمیر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری،ایل ڈبلیو ایم سی کے چیئرمین سردار اسلم وڑائچ،سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ،سیکرٹری فنانس،سپیشل سیکرٹری بلدیات پرویز اقبال،کمشنرلاہور،ڈپٹی کمشنر لاہور او رمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔











