وہاڑی ،29 ستمبر(اے پی پی ): ضلع بھر میں جشن عید میلاد النبی ﷺبڑے عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے ، جشن میلاد النبی ﷺکے حوالے سے مرکزی جلوس پیپلز کالونی وہاڑی سے نکالا گیا جس میں عاشقان رسولﷺکی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
فخر دو عالم حضرت محمدﷺ کے دیوانوں نے مرحبا یا مصطفیﷺ مرحبا یا مصطفیﷺ اور جشن آمد رسولﷺکے بلند وشگاف نعروں سے فضاءکو گرما دیا اور درود و سلام کی صداوں نے پر کیف سماں باندھ دیا ۔
تاجدار ختم نبوت ﷺکے چاہنے والوں کے لیے مختلف مقامات پر دودھ کی سبیلوں اور لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا، چکوک سے آنے والے جلوس میں شامل ہوگئے شرکاءنے اپنی گاڑیوں کو سبز جھنڈیوں سے سجا رکھا تھا ،جلوس مختلف راستوں سے ہوتا ہوا غلہ منڈی وہاڑی میں اختتام پذیر ہوا۔