ٹنڈومحمدخان  ایک پر امن ضلع ہے، 12 ربیع الاول کے دوران امن و امان برقرار رکھنا سب کی ذمہ داری ہے؛ ڈپٹی کمشنر

12

ٹنڈومحمدخان،20 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر دھرمو باوانی نے کہا ہے کہ ٹنڈومحمدخان ایک پر امن ضلع ہے، 12 ربیع الاول کے دوران ضلع میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس ہال میں مختلف محکموں کے افسران و علماء کرام کے اجلاس سے خطاب  کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر دھرمو باوانی نے علماء کرام سے کہا کہ 12 ربیع الاول کے دوران کسی بھی مذہبی انتہا پسندی سے گریز کیا جائے،  12ربیع الاول کا دن مذہبی جوش و جزبے سے منایا جائے گا، کسی بھی شخص کو امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، شرپسند عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔

اجلاس میں علماء کرام و عمائدین شہر کی جانب سے ماہ ربیع الاول کے دوران پیش آنے والے ممکنہ مسائل سے آگاہ کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے علماءکرام کو یقین دلایا کہ ان کے پیش کردہ تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر دھرمو باوانی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ربیع الاول کے دوران بلاتعطل پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کم سے کم کی جائے جبکہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے جلوسوں کی گزرگاہوں کی صفائی ستھرائی کے عمل کو یقینی بنایاجائے۔

 اجلاس میں ایس ایس پی سید سلیم شاہ کا کہنا تھا کہ 12 ربیع الاول کی مناسبت سے ضلع بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جارہے ہیں، کسی بھی فرد کو قانون کی خلاف ورزی نہیں کرنے دی جائے گی، عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر دھرمو باوانی نے ضلع میں کام کرنے والی مختلف سماجی تنظیموں کے رہنماؤں اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے افسران سے تعارفی میٹنگ کی۔