ٹنڈو محمد خان؛ ایس ایس پی کی زیر صدارت اجلاس،چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کا عزم

16

ٹنڈو محمد خان،02ستمبر(اے پی پی):ایس ایس پی غلام نبی کیریو کی زیر صدارت  چہلم امام حسین علیہ السلام کے سلسلے میں ایس ایس پی آفس ٹنڈو محمد خان میں اجلاس  منعقد ہوا، اجلاس میں سندھ رینجرز کے افسران، پولیس افسران سمیت تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام صحافیوں اور میونسپل کمیٹی کے وائس چیئرمین عبدالکریم شیخ نے شرکت کی۔

 اس موقع پر ایس ایس پی غلام نبی کیریو کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کی طرح چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں گے، رینجرز اور پولیس کے جوان چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر اپنے فرائض سرانجام دیں گے، کسی کو بھی امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ  چہلم امام علیہ السلام حسین کے سلسلے میں نکالے جانے والے ماتمی جلوس اور مجالس کی سیکورٹی کو مزید موثر بنایا جائے گا۔

ایس ایس پی غلام نبی کیریو نے کہا کہ چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر علماء کرام اور شہریوں کو چاہیے کہ وہ پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایس ایس پی آفس میں قائم کنٹرول روم سے ماتمی جلوس کی نگرانی کی جائے گی، اس وقت شہر بھر میں پولیس کی جانب سے لگائے گئے 64 سی سی ٹی وی کیمرے کام کر رہے ہیں۔