پاکستان وہ واحد ملک ہے جہاں پر ہم آزادی  سے  سانس  لے سکتے  ہیں ؛میجر جہانزیب شہید کی والدہ کا“یوم دفاع” کے حوالے سے خصوصی پیغام

12

 

ملتان ،04ستمبر(اے پی پی): میجر جہانزیب شہید کی والدہ نے “یوم دفاع پاکستان” کے حوالے سے “اے پی پی” سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان وہ واحد ملک ہے جہاں پر کھڑے ہو کر ہم سکون کی سانس لے سکتے ہیں اور یہ سب جو بارڈر پر بچے کھڑے ہوتے ہیں ان کی وجہ سے ہیں اگر یہ سرحد پر نہ ہوتے تو ہم اتنے سکون سے نہیں رہ سکتے۔

میجر جہانزیب شہید کی والدہ  نے کہا  کہ الحمد للہ میں ایک شہید کی ماں ہوں، اللہ کا شکر ہے اللہ تعالیٰ نے مجھے یہ درجہ دیا کہ میں اس قوم کی ماں کہلاوں اور پاکستان بہت سی قربانیوں کے بعد ہمیں ملا تھا۔انہوں نے کہا کہ  ملک کے حالات خراب تھے، یہ فوج ہی تھی جس نے ملک کی بقا و حفاظت کے لیے جنگ لڑی تھی، فوج  ماوں بہنوں کی عزت کے لیے لڑ رہی تھی اور آج انشاءاللہ تعالیٰ یہ فوج ہے تو ملک ہے، ملک ہے تو ہم ہیں ،اس کے لیے قربانی دینے سے نہیں ہٹنا چاہیے ،اس کی وجہ سے ہم آزادی سے سانس لے سکتے ہیں۔

 میجر جہانزیب شہید کی والدہ  نے کہا  کہ یہ فوج کے علاوہ اس زمین پر موجود لوگوں کا بھی کام ہے، اس ملک کا خیال رکھیں اس سے پہلے ہم نے غلامی کی زندگی گزاری ہے اور ہم سے پوچھا جائے تو ہم لوگوں کو خوش قسمت سمجھتے ہیں اس ملک میں ہم آزادی سے سانس لیتے ہیں ،اٹھتے ہیں ،بیٹھے ہیں کھاتے ہیں، ہماری اپنی مرضی ہم جو کریں کرتے ہیں ،ہماری اپنی حکمرانی ہے ہم جو کریں کر سکتے ہیں، یہ ہمارا ملک ہے ہم اس کے باشندے ہیں یہ ہمارے بچوں کے خون سے بنا ہے اور میں ان ماوں سے بھی کہوں گی صبر وشکر سے کام لیں میرا بیٹا بھی شہید ہوا ہے ہم قربانی دیتے رہیں گے اور ہمارے ملک کو دعا دیں۔

 میجر جہانزیب شہید کی والدہ نے  کہا کہ  ان بچوں کو دعائیں دیں جو اس وقت سرحد پر بیٹھے ہوئے ہیں ،نہ ہمارے ملک میں سکون ہے نہ ہماری سرحدوں پر سکون ہے اور میری یہی التجا ہے کہ اپنے ملک کا خیال رکھیں اور ان بچوں کا خیال رکھیں میں تو ان سب کو اپنا بچے سمجھتی ہوں۔