پتوکی،15 ستمبر(اے پی پی):لیسکورورل پتوکی واپڈاٹیمزکی پولیس کی نفری کے ہمراہ بجلی چوروں کیخلاف کارروائیاں، 94ملزمان ڈائریکٹ تاریں لگا کر بجلی چوری کرتے پائے گئے جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے، تھانہ صدر پتوکی پولیس نے قانونی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔
چیف لیسکو لاہور شاہد حیدر کی ہدایت پر لیسکوایس ڈی او رورل پتوکی مدثر قیوم نے پولیس نفری اور اپنی لیسکو ٹیم سیرت عباس، آصف رفیع سمیت دیگر کے ہمرا ہ تھانہ صدر پتوکی میں بجلی چوروں کیخلاف کارروائیاں کیں، بجلی چوروں کیخلاف کارروائیوں کے دوران لیسکو واپڈا ٹیم نے بھاری مشینری کا استعمال کیا اور پولیس کی نفری کے ہمراہ کارروائیاں اعوان چک نمبر39اور جھیڈو چک نمبر36گاوں میں کی گئیں ۔
لیسکو ایس ڈی او رورل پتوکی مدثر قیوم کے مطابق نامزد ملزمان کئی ماہ سے ڈائریکٹ تاریں لگاکر بجلی چوری کر رہے تھے ،نامزد ملزمان نے لاکھوں بجلی یونٹ چوری کرکے محکمہ کو تقریباً ایک کروڑ ر روپے کا نقصان پہنچایاہے، نامزد ملزمان کیخلاف بجلی چوری ایکٹ کے تحت مقدمات کے ندراج کیلئے درخواستیں جمع کروادیں گئیں ہیں۔
تھانہ صدر پتوکی پولیس کے مطابق نامزد ملزمان کیخلاف مقدمات کا اندراج بھی کیا جارہا ہے ،ملزمان کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دی جارہی ہیں جلد ہی ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔