پشاور؛ پولیس کی کامیاب کارروائی ، آئس سپلائی کرنے والی فیکٹری سیل ،2ملزمان گرفتار

51

پشاور، 13 ستمبر (اے پی پی):تھانہ بھانہ ماڑی پولیس پشاور نے کامیاب کارروائی کرتے ہو ئے آئس سپلائی کرنے والی فیکٹری کو سیل کرکے 2ملزمان کوگرفتارکرلیا۔

ترجمان پشاور پولیس کے مطابق خفیہ اطلاعات ملنے پر ڈی ایس پی سبرب مختیار علی، ایس ایچ او تھانہ بھانہ ماڑی مدثر حیات نے لیڈیز پولیس کے ہمراہ کامیاب کاررروائی کرتے ہوئے خطرناک نشہ آئس سپلائی کرنے والے نیٹ ورک کا سراغ لگا کر فیکٹری سیل کرکے مکروہ دھندہ میں ملوث 2 ملزما ن کو بھی گرفتار کیا ہے ۔

گرفتار ملزمان میں نور خان اور تاج محمد شامل ہیں جن میں سے ایک کا تعلق ہمسایہ ملک افغانستان سے ہے جبکہ دوسرا لنڈی کوتل کا رہائشی ہے۔ملزمان نے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لئے علاقہ منکراہ میں کرائے پر مکان حاصل کیا تھا،گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران منشیات کے مکروہ دھندے کا اعتراف کرتے ہوئے نیٹ ورک کے دیگر ملزمان کی بھی نشاندہی کی ہے،ملزمان نے فیکٹری میں منشیات تیار کرنے کے بعد مختلف شہروں کو سمگل کرنے کا بھی انکشاف کیا ہے۔

کارروائی کے دوران فیکٹری سے58کلو گرام سے زائد آئس کے علاوہ آئس تیار کرنے میں استعمال ہونے سیلنگ مشین، ڈیجیٹل سکیل،ڈرم،پلاسٹک بیگز اور دیگر مختلف اوزار اور اشیاءبھی برآمدہوئی ہیں۔ملزمان کے خلاف تھانہ بھانہ ماڑی میں مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کاآغاز کردیا گیاہے۔