پنجاب فوڈاتھارٹی اٹک کیجانب سے سیف فوڈسٹی کےحوالےسے آگاہی سیمینارکاانعقاد

21

اٹک ،16 ستمبر (اے پی پی):پنجاب فوڈاتھارٹی اٹک نے سیف فوڈسٹی کےحوالےسے آگاہی سیمینارکاانعقاد کیا۔ سیمینار کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک عدنان انجم راجہ تھے جبکہ صدارت ایڈیشنل ڈائریکٹرپنجاب فوڈ اتھارٹی راولپنڈی ڈویژن سید سبطین کاظمی نے کی۔ اس موقع پر شرکاء کو بتایا گیا کہ سیف فوڈ سٹی پراجیکٹ کا مقصد پنجاب فوڈ اتھارٹی کے تمام اقدامات کو مقامی شہروں کی سطح پر یکجا کرنا اور مربوط طریقے سے بہتر نتائج کے لئے خوراک کی تیاری، حفظان صحت اور حفاظت کے مطلوبہ معیارات کے مطابق اور اس معیار کو بر قرار رکھنے کے لیے اقدامات کرنا ہے تاکہ پنجاب بھر میں فوڈ سیفٹی کے لئے ایک جامع اور معیاری طریقہ کار فروغ پائے۔ خوراک سے متعلقہ تمام کاروباروں کے معائنہ کو 100 فیصد یقینی بنانا،خوراک سے متعلقہ تمام کاروباروں کو 100 فیصد لائسنس یافتہ بنانا ، خوراک کا کام کرنے والے تمام افراد کی میڈیکل اسکریننگ کو یقینی بنانا،خوراک کے کام سے منسلک تمام افراد کی ٹریننگ کروانا،بقایا جات کی 100 فیصد وصولی کرنا،تمام مصنوعات کی رجسٹریشن اور لیبلز کی منظوری،خوراک کے متعلقہ منظم جرائم کی روک تھام کے لئے اقدامات کرنا،جعلی مصنوعات کے خلاف کاروائیاں کرنا،تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس بشمول ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کا معائنہ کرنا اور صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا،تمام ذبح خانوں کا معائنہ کرنا،سیوریج کے پانی سے سیر اب ہونے والی سبزیوں کے خلاف کاروائیاں کرنا،ماہانہ اسٹیک ہولڈرز کانفرنس منعقد کرنا،تعلیمی اداروں میں نیوٹریشن پروگرام کے انعقاد کو یقینی بنانا،خوراک کے متعلقہ شکایات کے ہیلپ لائن نمبر 1223 کی تشہیر،استعمال شدہ کوکنگ آئل کو دوبارہ خوراک کی تیاری میں استعمال سے روکنے کے طریقہ کار کا نفاذ ،منتخب علاقوں میں کاروبار کے متعلقہ افراد کو خوراک کی تیاری کے حوالے سے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مروجہ قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانا تا کہ محفوظ خوراک کے کلچر کو پورے پنجاب میں فروغ دیا جاسکے۔ اس ضمن میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کے اضلاع جن میں لاہور ، فیصل آباد ، راولپنڈی، ملتا ن ، گوجرانوالہ ، سرگودھا، سیالکوٹ، بہاولپور اور ڈی جی خان شامل ہیں کے مخصوص ایریاز منتخب کیے گئے ہیں جہاں خوارک کی تیاری سے متعلقہ کاروبار شامل ہیں۔ علاوہ ازیں پنجاب کے دیگر اضلاع سے شہری علاقوں کے تمام کاروبار منتخب کیے گئے ہیں جہاں خوارک کی تیاری سے متعلقہ کاروبار شامل ہیں جن کو اوپر بیان کیے گئے نکات کے مطابق خوراک کی تیاری اور دیگر مروجہ قوانین پر عمل درآمد کروانے کے لئے اقدامات کیے جائیں گے۔ تمام اضلاع میں ان اقدامات سے متعلق آگاہی پھیلانے کے لئے فلیگ مارچ کیاگیا اور یہ منصوبہ 10 ستمبر 2023 سے شروع کر دیا گیا ہے جو کہ 31 دسمبر 2023 تک جاری رہے گا۔عوام الناس کی شمولیت اور آگاہی کو مد نظر رکھتے ہوئے متعلقہ اضلاع ماہانہ آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد کریں گے اس کے علاوہ سفیر اور رضا کاروں کی شمولیت کو یقینی بنائیں گے تاکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کا پیغام بھر پور طریقے سے پھیلایا جا سکے۔اس موقع پر فلیگ مارچ کا اہتمام بھی کیا گیا