چنیوٹ؛ضلع میں جشن عید میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے

27

 چنیوٹ ،29 ستمبر(اے پی پی ): ملک بھر کے دوسرے شہروں کی طرح ضلع چنیوٹ میں جشن عید میلاد النبیﷺ مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ انجمن رضائے مصطفیٰ ﷺچنیوٹ کے زیر اہتمام جشن عید میلاد النبیﷺ کا مرکزی جلوس میلاد چوک سے برآمد ہوا۔

عید میلاد النبی ﷺ12ربیع الاول کو ضلع بھرمیں کل 33 جلوس نکالے گئے اور 7 محافل کا انعقاد ہوا۔ ایک جلوس کیٹیگری اے،4جلوس کیٹیگری بی،28جلوس کیٹیگری سی کے ہونگے جبکہ 1محفل کیٹیگری بی،6محافل کیٹیگری سی کی ہونگی۔

ضلع بھر کی تنیوں تحصلیوں چنیوٹ ،بھوانہ اور لالیاں میں انجمن رضا مصطفیٰ  ﷺچنیوٹ اور جماعت اہلسنت کی دیگر ذیلی تنظیموں کے زیر اہتمام بارہ ربیع الاول جشن عید میلادالنبیﷺ کا مرکزی جلوس مرکزی جامع مسجد کھوکھرانوالی سے برآمد ہوا جو کہ شہر کے مختلف راستوں سے گزرتا ہوا مسلم بازار،شاہی منڈی،چوک شہید،چوک ترکھانہ،نوگزہ روڈ،اسلامیہ ہسپتال روڈ،کچہری روڈ،ڈاکٹر عزیز علی روڈ،ریل بازار،منڈی باوا لال،صرافہ بازار سے ہوتا ہوا میلادچوک میں اختتام پذیر ہوگا۔

دعوت اسلامی چنیوٹ کے زیر اہتمام بھی مرکز فیضان مدینہ سالارہ روڈ سے بھی ایک بہت بڑا جلوس نکالا گیاجشن عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلہ میں انجمن فروغ میلاد مصطفیٰ  ﷺٹبہ لوہاراں مسلم بازار چنیوٹ کے زیر اہتمام ایک بہت بڑا عظیم الشان جلوس نکالا گیا۔جلوس کے شرکا نے بڑے بڑے بینرز سبز ہلالی جھنڈے اٹھا رکھے تھے فضا مرحبا یا مصطفی ﷺکے نعروں سے گونجتی رہی جلوس میں ہزاروں عاشقان مصطفیٰ  ﷺ نے شرکت کی جبکہ جلوس کی قیادت جماعت اہلسنت، انجمن غلامان مصطفیٰ ﷺ، اور جان نثاران تاجدار ختم نبوتﷺ کے جنر ل سیکرٹری خواجہ معین الدین، پیر سید محمد طاہر شاہ، انجمن رضا مصطفیٰ ﷺ کے اراکین مولانا نعیم الدین، محمد حبیب قادری، اور دیگر علماءکرام نے کی۔

 تمام جلوسوں،محافل پر سینئر پولیس افسران سمیت5سو سے زائد پولیس افسران و جوان سکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔جلوسوں،محافل پرفور لیئر سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جا رہاہے ۔حساس پوائنٹس پر چھتوں پر مسلح جوان تعینات ہیں۔ایلیٹ فورس کی ٹیمیں اور محافظ سکواڈ جلوسوں کے ساتھ گشت کررہی ہیں۔تمام سرکلز میں کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریزرو نفری سٹینڈ ٹو ہے۔ریلیوں اور محافل کے دوران میٹل ڈٹیکٹرز کے ذریعے اور فزیکل سرچ سے تلاشی لی جارہی ہے ۔

اہم مقامات پر واک تھرو گیٹس نصب ہیں۔جلوسوں کی مانیٹرنگ کو یقینی بنائی جارہی ہے ۔اہم جلوسوں اور مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں جارہے ہیں۔تمام جلوسوں کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جارہی ہے ۔سرویلنس وہیکلز،ڈرون کیمرے سے جلوسوں کی نگرانی کی جارہی ہے ۔سکیورٹی انتظامات کو مانیٹر کرنے کے لیے ڈی پی او دفتر میں مانیٹرنگ روم بنایا گیا ہے۔ تمام ذرائع بروئے کار لاکر امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھا جارہا ہے ۔دریائے چناب پررش کے باعث امن و امان کے قیام اور ٹریفک کی روانی کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔