ساہیوال؛ جشنِ عیدمیلادالنبی ﷺ پر پاکستان سُنّی تحریک کے زیر اہتمام ریلی، ہزاروں عاشقان رسولﷺ کی شرکت

30

ساہیوال،29ستمبر(اے پی پی): حضور کی آمد مرحبا، پُر نور کی آمد مرحبا، آمد مصطفیٰ مرحبا مرحباﷺ، کے نعروں کی گونج میں صبح سے ہی پورے ملک کی طرح ضلع ساہیوال میں بھی ہزاروں عاشقانِ رسولﷺ جلوسوں میں شریک ہیں، شہر تو شہر دیہاتوں میں بھی جشنِ عیدمیلادالنبی ﷺ کے جلوسوں اور ریلیوں میں شریک ہونے والوں کے جذبات دیدنی ہیں۔

 ساہیوال کی مرکزی میلاد ریلی پاکستان سُنّی تحریک کے ڈویژنل صدر شاہ محمد اعجاز قادری کی قیادت میں نکالی گئی۔ یہ میلاد ریلی پاکپتن روڈ اڈہ آٹھواں میل سے صبح آٹھ بجے تلاوتِ قرآنِ مجید اور نعت خوانی کرتے ہوئے روانہ ہوئی۔ 97.9L پر پاکستان سُنّی تحریک کے کارکنان اور دیگر عاشقانِ رسول نے پرتپاک استقبال کرتے ہوئے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ یہ میلاد ریلی چھوٹا وکیل والا،مرید کوٹ سٹاپ،بڑا وکیل والا، لکاں والا پل، بھولے دی جھوک، بائی پاس روڈ، چوک پاکپتن، جوگی چوک سے ہوتی ہوئی صدر چوک ساہیوال پہنچی جہاں شرکاء نے خوب درود و سلام پڑھا اور نعرہ بازی کی اور پاکستان سنی تحریک کے ڈویژنل صدر شاہ محمد اعجاز قادری نے دعا کی۔

 اس مرکزی میلاد ریلی میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، علمائے کرام، آئمہ مساجد، نوجوانوں اور بزرگوں نے شرکت کی۔