ڈیرہ غازی خان؛ چہلم حضرت امام حسین(رض)کے موقع پر ڈویژن بھر میں سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی

8

ڈیرہ غازی خان،05ستمبر(اے پی پی):چہلم حضرت امام حسین(رض)کے موقع پر ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

اس حوالے سے آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کہا ہے کہ چہلم حضرت امام حسین(رض) کے حوالے سے ریجن بھر میں سخت سکیورٹی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور امن وامان کی فضاء کوخراب کرنے والوں  سے سختی سے نمٹاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریجن بھر میں سیکورٹی پلان جاری کردیئے گئے ہیں آج 20صفرالمظفر بروز بدھ چاروں اضلاع میں 23 مرکزی جلوس اور 48 مجالس منعقد ہوں گی جن کی سیکورٹی کے لیے 1823 افسران و جوان فرائض سرانجام دیں گے۔ پنجاب پولیس ،ایلیٹ فورس ،ڈولفن فورس ،موٹرسائیکل اسکواڈ اور کوئیک ریسپا نس فورس کی ٹیمیں فعال رہیں گی۔ تمام مجالس اور جلوسوں کی نگرانی اور ویڈیو ریکارڈنگ  کےلیے سی سی ٹی وی  اور ڈرون کیمروں کے ذریعے سے نگرانی بھی  کی جائے گی۔

آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کہا کہ ریجنل پولیس آفس میں تمام پروگرامز کی مانیٹرنگ کےلیے کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے جو 24 گھنٹے فعال رہے گا۔