ڈیرہ غازی خان ؛اڈاپٹڈسکول پروگرام  کا مقصد سکولوں کے نظام اور معیار تعلیم میں بہتری لانا ہے،ڈپٹی کمشنر

31

ڈیرہ غازی خان،18ستمبر(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے کہا ہے کہ تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں،”اڈاپٹڈ(Adopted )   سکول پروگرام ” کا مقصد سکولوں کے نظام اور معیار تعلیم میں بہتری لانا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تعلیمی امورکے حوالے سے منعقد کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سی ای او ایجوکیشن عبدالرحمن،ڈی ای او فاروق احمد،اسسٹنٹ ڈائریکٹر خورشید قیصرانی،قاضی امین سمیت سرکاری سکولوں کی پرنسپلز نے شرکت کی۔

اس موقع پر ضلع کے اڈاپٹڈ سرکاری سکول پروگرام کے تحت منتخب ہونے والے سکولوں میں  ماڈل کلاس رومز بنانے،سکولوں کی آوٹ لک بہتر کرنے،سہولیات کی فراہمی،نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینے سمیت دیگر اہم فیصلے کئے گئے۔

ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے کہا کہ اڈاپٹڈ سکولوں میں بہترین اقدامات کو بروئے کار لاتے ہوئے قابل ستائش تبدیلیاں کی جائیں گی اور سٹاف کی کمی کو پورا کرنے کیلئے ایڈجسمنٹ پلان تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان سکولوں میں نئے ٹوائلٹس،تعمیر ومرمت،وائیٹ واش،پانی کی فراہمی سمیت دیگر ضروریات کیلئے مخیر حضرات سے بھی رابطے کئے جائیں اورضلعی انتظامیہ اچھے کام کی ہر فورم پر حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔