ڈیرہ غازی خان ؛ پانچ روزہ انسدادپولیو مہم2اکتوبر سے شروع ہو گی

14

ڈیرہ غازی خان،17 ستمبر (اے پی پی): ڈیرہ غازی خان میں پانچ روزہ انسدادپولیو مہم 2اکتوبر سے شروع ہو گی،مہم کے دوران ضلع بھر میں  5سال سے کم عمرکے 8لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔

اس حوالے سے اجلاس ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر پولیو  کے خاتمے کیلئے جذبے سے کام کیا جائے گا اورپولیو افسران،ٹیموں اور ورکرز کی تربیت  کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ضلع میں پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تمام تراقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر علی ہاشم کو انسداد پولیو مہم  کیلئے  ضلع کا  فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا ہے،پولیو مہم 6اکتوبر تک جاری رہے گی۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمداسد چاندیہ،پی اے مشتاق احمد ٹوانہ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹرادریس لغاری سمیت ڈبلیو ایچ او،یونیسیف کے نمائندوں اور افسران  نے شرکت کی۔