ڈیرہ غازی خان ، 12 ستمبر (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان کااچانک دورہ کیا اور مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔انہوں نے ڈیوٹی روسٹر کے مطابق ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل سٹاف کی حاضری چیک کی اور انتظامات و سہولیات کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ٹراما سنٹر،ایمرجنسی بلاک، برن یونٹ،چلڈرن وارڈز کا بھی معائنہ کیا اور ہسپتال میں موجود مریضوں اور انکے لواحقین سے طبی سہولیات کی فراہمی اور ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف کے رویوں اورعلاج معالجہ بارے معلومات بھی لیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈیوٹی روسٹر کے مطابق ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کا ہسپتال میں موجود ہونا خوش آئند ہے،ڈاکٹرز کی خصوصی توجہ سے مریضوں کو تکلیف کا احساس کم ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل جل کر ہسپتال کے معاملات میں مزید بہتری لانی ہے۔
اس موقع پراسسٹنٹ کمشنر صدر عثمان غنی،میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر نجیب الرحمن سمیت دیگر افسران ان کےہمراہ تھے۔











